مردان کی یونین کونسل منگا میں39 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت نکل آئے

پشاور: پاکستان میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے پہلے مریض کے آبائی علاقے مردان کی یونین کونسل منگا میں 46 افراد کے ٹیسٹ ہونے کے بعد 39 افراد کا کورونا مثبت آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صحت خیبر پختونخوا نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردان کی یونین کونسل میں 46 میں سے39 افراد کے کرونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیرصحت خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مردان کی يونين کونسل منگا کرونا سے سب سے زيادہ متاثر ہے، ٹيسٹ کيے گئے 46 افراد ميں سے 39 کے ٹيسٹ مثبت آئے۔
واضح رہے  کہ خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت بھی اسی يونين کونسل سے رپورٹ ہوئی تھی۔ متاثرہ شخص کی بے  احتياطی کے بعد پوری يونين کونسل سيل کردی گئی تھی۔ مردان کی یوسی منگا میں عمرہ کرکے وطن واپس آنے والے شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جس نے یونین کونسل میں کئی افراد سے ملاقاتيں بھی کی تھیں۔ 50 سالہ متاثرہ شخص گزشتہ ہفتے بدھ کے روز ڈسٹرکٹ اسپتال میں انتقال کرگیا تھا۔

 

آئی ڈی: 2020/03/25/6984

متعلقہ خبریں

Leave a Comment