شعبان کا چاند نظر آ گیا، شب برأت 8 اپریل کو ہو گی

ہجری سال 1441 کے مہینے شعبان کا چاند نظر آگیا اور شب برات 8 اور 9 اپریل کی درمیانی شب کوہوگی۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت کا اعلان کردیا ہے۔نوٹی فکیشن کے مطابق یکم شعبان 26 مارچ (جمعرات) کو ہوگی جبکہ شب برات 8 اور 9 اپریل کی درمیانی شب کو ہوگی۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے باعث دو روز قبل شب معراج کے موقع پر بھی ہر سال کی طرح اجتماعات منعقد نہیں ہوسکے تھے۔دوسری جانب کراچی میں مختلف مکاتب فکر کے معروف و جید علمائے کرام کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس درحقیقت اللہ تعالیٰ کی طرف سے تنبیہہ ہے جس سے نجات کے لیے پوری قوم توبہ و استغفار کی طرف متوجہ ہو۔
گورنر ہاؤس میں دیگر علمائے کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ علمائے کرام کے اجتماع نے اتفاق کیا ہے کہ پوری قوم توبہ و استغفار کی طرف متوجہ ہو۔حکومت اپنے اداروں کے ذریعے لوگوں کو استغفار کی طرف متوجہ کرے اور میڈیا کے ذریعے فحاشی اور بے حیائی کے پروگرام بند کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ علما نے اتفاق کیا کہ مساجد کھلی رہیں گی، پنجگانہ اذان، اقامت اور باجماعت نماز جاری رہے گی ۔تمام نمازی گھر سے وضو کرکے آئیں اور ہر قدم پر اللہ کی طرف سے نیکیاں پائیں اور سنتیں گھر پر ادا کریں۔ اگر طبی وجوہات کی بنا پر حکومت نمازیوں کی تعداد پر پابندی عائد کرے یا خاص عمر کے افراد کو مسجد جانے سے منع کرے تو شرعاً وہ معذور سمجھے جائیں گے۔

 

آئی ڈی: 2020/03/26/7046

متعلقہ خبریں

Leave a Comment