آئی سی سی نے کورونا وائرس کے سبب کھلیوں کی تمام سرگرمیاں ملتوی کر دیں


انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عالمی سطح پر تیزی سے پھیلتی ہوئی وبا کورونا وائرس کے سبب ٹی20 ورلڈ کپ کے تمام کوالیفائرز مقابلوں کے ساتھ ساتھ ورلڈ کپ ٹرافی کا ورلڈ ٹور بھی منسوخ کردیا ہے۔

جمعرات کو کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 30 جون سے قبل ہونے والے آئی سی سی کے تمام مقابلے منسوخ کر دیے گئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد کرکٹ برادری کی صحت اور بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے 30 جون سے قبل ہونے والے تمام مقابلے منسوخ کردیے گئے ہیں اور اس صورتحال کا بعد میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔

عالمی سطح پر پھیلنے والے اس وائرس کے سبب لیے گئے اس فیصلے کے نتیجے میں کم از کم 8 مقابلے متاثر ہوئے ہیں۔

2021 ورلڈ کپ کے کوالیفائر اور 2023 ورلڈ کپ کے کوالیفائر مقابلوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ آئی سی سی ویمن ورلڈ کوالیفائر پر بھی غور جاری ہے۔

آئی سی سی کے عالمی مقابلوں کے سربراہ کرس ٹیٹلی نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ کورونا وائرس کے سبب عالمی سطح پر درپیش چیلنجز اور دنیا بھر میں عائد پابندیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے جون کے آخر تک تمام مقابلے ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں، شائقین اور عملے کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ افراد کو مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمے داری کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.