کورونا وائرس: آرٹیکل 245 کے تحت فوجی دستوں کی تعیناتی مکمل ہوگئی، پاک فوج

اسلام آباد: پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کے لیے ملک بھر میں فوج کی تعیناتی مکمل ہوچکی ہے۔

 رپورٹ کے مطابق فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ آرئیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پورے ملک میں پاک فوج کے دستے تعینات کیے گئے۔

بیان کے مطابق تمام 182 قرنطینہ سینٹرز میں خصوصی طور پر فوج کے دستے تعینات ہیں۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 23 مارچ کو وزارت داخلہ کی درخواست پر فوج کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 (مسلح افواج کے فرائض) اور سیکشن 131 اے عوامی فلاح اور امن و امان کی بحالی کے لیے فوجی طاقت کا استعمال کے تحت چاروں صوبوں، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں فوج کی تعیناتی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر کتنے فوجی سول انتظامیہ کی مدد کے لیے تعینات کیے گئے۔ لیکن پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ ’تمام فوجی‘ اور تمام طبی عملہ ضرورت کے مطابق تعینات کیے جائیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تمام انٹری پوائنٹس کی منظم نگرانی کی جارہی ہے، مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کی گئیں ہیں اور قانون نافذ کرنے والی دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ گشت بھی جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ آزادکشمیر میں کوٹلی، بھمبر، میرپور، برنالہ، مظفرآباد، باغ، کیل اور راولاکوٹ کے مختلف علاقوں میں تعیناتی کی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق بلوچستان میں آواران، دوکی، چاغی، لسبیلہ، قلات، نوشکی، خضدار، سبی اور گوادر سمیت بلوچستان کے 9اضلاع میں فوجی دستے تعینات کردیئے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایران کے ساتھ تفتان بارڈر کراسنگ اور افغانستان کے ساتھ چمن بارڈر کراسنگ پر قرنطینہ سینٹرز پر فوجیوں کی تعیناتی پر خصوصی توجہ دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوج کے دستے، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس تفتان قرنطینہ سینٹر میں سول انتظامیہ کی مدد کرر ہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تفتان سرحد پر قرنطینہ سینٹر میں 600 افراد کے لیے ایک اضافی مرکز قائم کیا جارہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام 10 اضلاع میں فوج تعینات کردی گئی ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے 27 مارچ کو چین سے موصول ہونے والے طبی سامان کی نقل و حمل اور تقسیم کے لیے خنجراب پاس سے خصوصی پروازیں کیں، جن میں 5 وینٹیلیٹرز، 2ہزار ٹیسٹنگ کٹس، 2 ہزار میڈیکل سوٹ، 2ہزار این 95 ماسک اور 2 لاکھ ماسک شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کے علاوہ خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع میں فوج تعینات ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی دستے ڈورزنڈا پر4 بارڈر ٹرمینلز اور بین الصوبائی حدود سنبھال رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ آرمی دستے، ڈورزنڈا ، گومل یونیورسٹی ، ڈی آئی خان ، پوسٹ گریجویٹ پیرامیڈک انسٹی ٹیوٹ پشاورمیں قائم قرنطینہ سینٹرز کے انتظام کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کررہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ لنڈی کوتل اور جمرود میں ایک ہزار 500 افراد کے لیے قرنطینہ سینٹر کی سہولت قائم کی جارہی ہے۔

علاوہ ازیں فوج پشاور، مردان چارسدہ اور بونیر کے 10 علاقوں کو الگ تھلگ کررہی ہے جہاں کورونا وائرس کے واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے 34 اضلاع میں فوج کے دستے تعینات کردیے گئے ہیں جہاں وہ داخلے / خارجی راستوں پر قائم مشترکہ چیک پوسٹوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ کے 29 اضلاع میں فوجی دستے تعینات کردیے ہیں، پاکستان رینجرز کو سندھ پولیس کے ساتھ تمام داخلی / خارجی راستوں پر تعینات کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment