باکسر عامر خان بھی کورونا کے خلاف میدان میں اتر آئے،4 کروڑ دینے کا اعلان کر دیا


پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامر خان نے پاکستان کو کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے 4 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل باکسرعامرخان نے اپنی اسلام آباد باکسنگ اکیڈمی حکومت پاکستان کو دینے کا اعلان بھی کیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

نہ صرف پاکستان بلکہ برطانیہ میں بھی باکسر عامرخان نے این ایچ ایس ہسپتال کو کورونا وائرس متاثرین کے لیے اپنی 4 منزلہ عمارت کو اسپتال بنانے کی پیشکش کی تھی۔

اس ضمن میں باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں عوام کے لیے ہسپتالوں میں بستر ملنا کتنا مشکل ہے اس لیے اپنی 60 ہزار مربع فٹ پر تعمیر 4 منزلہ عمارت کورونا متاثرین کی مدد کے لیے دینے کو تیار ہوں۔

خیال رہے کہ متعدد معروف شخصیات کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے اپنی اپنی استطاعت کے مطابق مدد کی جا رہی ہے۔

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات سمیت قومی کھلاڑیوں کی جانب سے لاک ڈاؤن کے باعث غریب افراد کے لیے راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.