حکومت پنجاب کی جانب سے والدین کے لیے بڑی خوشخبری: اسکول طلباء کے لیے آن لائن کلاسز کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کے لیے سائنس اور ریاضی کے مضامین کی آن لائن کلاسوں کا فیصلہ کر لیا۔

لاک ڈاؤن کے باعث تعلیمی نقصان کے ازالے اور انتظامی امور کے جائزے کے لیے چیف سیکرٹری پنجاب اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعت نہم اور دہم کے تمام مضامین کے لیکچرز آن لائن ہوں گے جنہیں کیبل ٹی وی پر بھی نشر کیا جائے گا۔

پہلی سے آٹھویں جماعت کے طلباء کو امتحانات کے بغیر چھٹیوں کے کام میں کارکردگی کی بنیاد پر اگلی کلاس میں ترقی دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

چیف سیکرٹری کی ہدایت پر اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تبلیغی اجتماع کے شرکاء کو انہی اضلاع میں رکھا جائے جہاں وہ موجود ہیں، جبکہ تبلیغی اجتماع کے تمام ملکی و غیر ملکی شرکاء کی اسکرینگ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

چیف سیکرٹری اعظم سلیمان خان نے ہدایت جاری کی کہ اسکریننگ کے بعد جن افرادمیں کورونا کی علامات پائی جائیں ان کو قرنطینہ میں رکھا جائے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ تمام اضلاع میں ہسپتالوں کیلئے پرسنل پروٹیکشن اکویپمنٹ بھجوا دیا گیا ہے، ہر ضلع کی ڈیمانڈ کے مطابق پرسنل پروٹیکشن اکویپمنٹ کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment