آفریدی کی تعریف پر بھارتی شہریوں کی یوراج اور ہربھجن پر کڑی تنقید

لاہور: سابق بھارتی بیٹسمین یوراج سنگھ اور سپنرہربھجن سنگھ کی طرف سے کورونا وائرس کے دوران غریبوں کی مدد کرنے پر شاہد آفریدی کی تعریف کی جس پر بھارتی شہری انسانیت بھول گئے اور اپنے ہم وطن کھلاڑیوں پر تنقیدی نشتر چلا دیئے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے جبکہ اس مہلک وباء میں انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو بھی داد دی جا رہی ہے، کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی اس وباء سے نمٹنے کے لیے غریبوں کی مدد کر رہی ہیں، جس کو داد دینے کے لیے دیگر ممالک کے کھلاڑی بھی میدان میں آ گئے، گزشتہ روز کورونا وائرس میں غریبوں کی مدد کرنے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر یوراج سنگھ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی تعریف کی تھی۔

بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق بھارتی کرکٹرز یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن کی حمایت کرنے پر بھارتی عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ دونوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ویڈیو پیغام شیئر کیے گئے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے میں پیش پیش شاہد آفریدی کی فاؤنڈیشن کے اقدامات کو خوب سراہا۔

Leave a Comment