بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عوام سے بڑی اپیل کر ڈالی


کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے اپنی عوام کو 5 اپریل کو رات 9 بجے گھر کی تمام لائٹیں بند کرکے موم بتی جلانے کی اپیل کردی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق قوم سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی نے عوام سے درخواست کی کہ 5 اپریل، اتوار کی رات کو 9 بجے 9 منٹ کے لیے دیا، موم بتی یا اپنے موبائل کی فلیش لائٹ جلا کر کورونا سے لڑائی کا ثبوت دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’چاروں طرف جب ہر شخص ایک ایک چراغ جلائے گا، تب کورونا کو روشنی کی قوت کا احساس ہوگا جس میں ایک ہی مقصد سے ہم سب لڑ رہے ہیں‘۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا عالمی وبا کے دوران ملک گیر لاک ڈاؤن کو آج نو دن ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس دوران جس طرح سے آپ سب نے نظم و ضبط اور خدمت کا جذبہ دکھایا ہے وہ بے مثال ہے، انتظامیہ اور عوام نے اس صورتحال سے نمٹنے کی پوری کوشش کی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم اکیلے نہیں ہیں، ایک ارب 30 کروڑ عوام ہمارے ساتھ اس میں شریک ہے‘۔

نریندر مودی نے مزید کہا کہ سماجی دوری پر پورے بھارت میں عمل در آمد ہونا چاہیے تاکہ اس وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے جس سے ہمارے صحت کا نظام متاثر ہوسکتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں 3 ہفتوں کے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے کئی افراد بے روز گار ہوچکے ہیں۔

کئی افراد کھانے اور پانی کے لیے جدو جہد کر رہے ہیں اور شہروں کو چھوڑ کر اپنے گاؤں کی طرف ہجرت کر رہے ہیں جس سے حکومت کے شٹ ڈاؤن میں جلد بازی کرنے کے فیصلے پر تنقید بھی سامنے آئی ہے جس سے سب سے زیادہ بھارت کی غریب عوام متاثر ہوئی ہے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.