اے اور او لیول کی گریڈنگ کا انوکھا طریقہ کار، اساتذہ اور طالب علم پریشان


کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں اے اور او لیول کے امتحانات منسوخ کرنے کے آٹھویں روز اسکولوں کو گریڈنگ کا جزوی تاہم متنازع طریقہ کار جاری کردیا جبکہ ذرائع ابلاغ کے لیے ایک علیحدہ اور مبہم اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

اسلام آباد: اسکولوں کو ای میل کے ذریعے جاری طریقہ کار میں پرائیویٹ طلبہ کے امتحانات کے بغیر گریڈنگ کے سلسلے میں ٹیوٹرز کے بھیجے گئے شواہد کو بھی قابل قبول قرار دے دیا گیا ہے جبکہ اسکولوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ریگولر طلبہ کی گریڈنگ کے سلسلےمیں کوئی نیا امتحان یا اسائنمنٹ نہیں لیں گے۔ شواہد کو جمع کرنے کے لیے کسی نئے کام کی ضرورت نہیں ہے اور طلبہ کی گریڈنگ پہلے سے دستیاب شواہد کی بنیاد پر ہوگی انھیں گریڈنگ کے تفصیلی طریقہ کار سے 7 اپریل کو آگاہ کیا جائے گا۔

اسکولوں نے یہ جزوی طریقہ کار سامنے آنے کے بعد طلبہ کے آن لائن امتحانات کا باقاعدہ شیڈول تک جاری کردیا ہے بیشتر اسکولوں میں یہ امتحانات آئندہ پیر سے شروع ہورہے ہیں اور کئی اسکولوں نے طلبہ کو منگل کی رات ہی تمام مضامین کا علیحدہ علیحدہ انتہائی مختصر سلیبس تک جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ یہ امتحانات متعلقہ مضمون کے کن کن اسباق سے لیے جائیں گے۔

اسکولوں سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ جو بھی شواہد کیمبرج کو فراہم کریں گے وہ مستند ہونے چاہئیں اور سینٹر اس بات سے مطمئن ہو کہ یہ طالب علم کا ایسا کام ہے جس میں کسی کا تعاون شامل نہیں۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ یہاں اسکول یا سینٹر کی تصدیق کون کرے گا ؟ کہ اس نے طالب علم کے جو شواہد جمع کیے ہیں اس میں کوئی نیا اکیڈمک کام شامل نہ ہو طالب علم نے اس میں کسی سے تعاون یا مدد نہ لی ہو اور بھجوائے گئے شواہد مصدقہ ہوں۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.