پاکستان نے بھارتی میڈیا میں شائع کابل گوردوارہ حملہ رپورٹ کو جھٹلا دیا


پاکستان نے کابل میں دہشت گرد حملے سے پاکستان کو جوڑنے کی بھارتی کوشش کو قابل مذمت اور شرانگیز قرار دے دیا،  ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا میں شائع کابل گوردوارہ حملہ رپورٹ مسترد کردی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم بھارتی میڈیا میں ان کی حکومت کے زیر اثر شائع ہونے والی رپورٹ مسترد کرتے ہیں جس میں 25 مارچ 2020ءکو کابل میں گوردوارے پر ہونے والے دہشت گرد حملے سے پاکستان کو جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ قابل مذمت اور شرانگیز حرکت ہے۔

پاکستان نے گوردوارے پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ عبادت گاہیں مقدس ہوتی ہیں اور ان کے تقدس واحترام کو ہر حال میں مقدم رکھا جانا چاہیے۔ اس بہیمانہ جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو قانون اور انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہئے۔

دہشت گردی بشمول سرحد پار سے ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک کے طورپر پاکستان کی یہ پختہ سوچ ہے کہ دہشت گردی کی ایسے قابل نفرت کارروائیوں کا کوئی سیاسی، مذہبی اور اخلاقی جواز نہیں ہوسکتا۔

بھارتی میڈیا میں جان بوجھ کر شائع کی جانے والی ایسی رپورٹس کا بنیادی مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔  پاکستان کو دہشت گرد حملے میں ملوث کرنے کی مذموم بھارتی کوشش دراصل بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی اور ناقابل قبول اقدامات سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ ایسے ہتھکنڈوں کے ذریعے بھارت عالمی برادری کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.