مستحق افراد کی مالی امداد کل سے شروع ہو جائے گی

حکومتِ پاکستان نے کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں صنعتیں بند ہونے اور کاروبار زندگی متاثر ہونے کے سبب ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو فی خاندان 12 ہزار روپے کی امدادی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ رقم کی فراہمی بدھ 8 اپریل سے شروع ہو رہی ہے۔

حکومت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق کورونا ایمرجنسی احساس کیش فنڈ کے لیے ایک ایس ایم ایس سروس شروع کی گئی ہے جس کے تحت مستحق افراد کو 4 ماہ کے لیے 12 ہزار روپے ملیں گے۔

جس شخص کو امدادی رقم کی ضرورت ہوگی وہ اپنا شناختی کارڈ نمبر 8171 پر ایس ایم ایس کرے گا۔ یہ ایس ایم ایس نادرا کے ڈیٹا بیس سے چیک کیا جائے گا کہ آیا یہ شخص امداد کا اہل ہے بھی یا نہیں۔

اس مقصد کے لیے نادرا میں ڈبل چیک سسٹم بنایا گیا ہے۔ نادرا میں اس شخص کے متعلق یہ چیک کیا جائے گا کہ اس کے اکاؤنٹ میں کوئی بڑی رقم تو موجود نہیں یا پھر اس کے نام کوئی جائیداد تو نہیں۔ اس کے بعد اگر وہ شخص اہل ہوگا تو اگلے سسٹم میں انٹری ہوگی جہاں کوائف کی تصدیق کے بعد اس شخص کو پیغام چلا جائے گا کہ آپ فلاں تاریخ کو بینک سے جا کر پیسے لے سکتے ہیں۔

ثانیہ نشتر نے بتایا کہ اس پروگرام میں تمام رقوم بائیو میٹرک شناخت کے ذریعے ہی دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ امداد صرف مستحق افراد کی شناخت کے بعد انہی کو ملے گی۔ کورونا وائرس کے پیشِ نظر تمام بینکوں اور آؤٹ لیٹس کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر ٹرانزیکشن کے بعد مشین کو ڈس انفیکٹ کیا جائے۔ اس کے بعد ہی اگلا بائیو میٹرک پراسس شروع کیا جائے۔

ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ اس پروگرام میں شفافیت برقرار رکھنے کے لیے کئی چیکس موجود ہیں۔ اگر کسی خاتون کا شوہر سرکاری ملازم ہے تو اس کا ڈیٹا بھی حکومت کو معلوم ہو جائے گا جب کہ اس میں تصدیق کا عمل ایف بی آر اور دیگر اداروں کی مدد سے بھی کیا جائے گا۔

یاد رہے اس پروگرام میں تین کیٹگریز شامل ہیں جن میں احساس پروگرام سے تعلق رکھنے والے 45 لاکھ لوگ شامل ہیں جب کہ 40 لاکھ لوگ ڈیٹا بیس سے آئے ہیں جنہیں غربت کی لکیر سے نیچے ہونے پر اس پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔ تیسری کیٹگری ضلعی حکومتوں کی طرف سے بھجوائے گئے 35 لاکھ ناموں پر مشتمل ہو گی۔

حکومت کے مطابق پیر تک تین کروڑ 45 لاکھ 26 ہزار 150 افراد پروگرام میں شامل ہونے کے لیے ایس ایم ایس بھیج چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں