شب برأت کی عبادات گھروں پر ہی کریں، وزیر اعلی سندھ کی عوام سے اپیل

کراچی: سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ شب برأت کی عبادت گھروں میں کریں۔
مراد علی شاہ نے  ایک بیان میں کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے گزارش کی جاتی ہے  کہ وہ شب برأت پر عبادت گھروں میں رہ کر ہی کریں۔ وزیر اعلی سندھ نے علمائے کرام سے بھی درخواست کی کہ وہ ٹی وی چینلز کے ذریعے شب برأت کی فضیلت پر بات کریں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث پاکستان علماء کونسل نے بھی عوام سے یہ اپیل کی ہے کہ شب برأت کی عبادات گھروں میں ہی کی جائیں۔
کورونا کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے آگاہ کیا کہ  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 758 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ ان ٹیسٹس کے بعد  اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی تعداد 10،981 ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے مزید 50 مریض سامنے آئے ہیں جن میں سے 382 مریض گھروں میں آئسولیٹڈ ہیں۔اس کے علاوہ  97 مریض مختلف آئسولیشن سینٹرز میں موجود ہیں ۔ ان کا کہنا تھا  صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 1036 ہو گئی ہے، جبکہ  دو مزید افراد جاں بحق بھی ہو گئے ہیں جس سے سندھ میں کورونا سے اموات کی کل تعداد 20 ہو گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment