پنجاب میں سرکاری محکموں میں نئی بھرتیوں پر پابندی عائد


اسلام آباد: حکومت پنجاب نے محکموں کے غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائد کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے محکموں کے غیر ضروری اخراجات پر پابندی عائد کردی ہے۔پنجاب حکومت نے محکموں کیلئے ضمنی گرانٹس کے اجراء اور نئی بھرتیوں پر بھی پابندی لگا لی ہے جبکہ نئی گاڑیاں اور دیگر پرتعیش اشیاء کی خریداری پر بھی پابندی لگادی گئی۔ محکمہ صحت میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی بھرتیوں کی اجازت ہوگی۔

وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر صوبے کی معاشی صورتحال، ترقیاتی پروگرام اور مستقبل کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے محکموں کو مالیاتی نظم و ضبط اور بچت و کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔

 اجلاس میں ہاشم جواں بخت نے کہا  کہ کورونا کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کے باعث عوام کی مالی مشکلات کو مدنظر رکھ کر 18 ارب روپے کے ٹیکس کا ریلیف دیا ہے۔

محکمہ صحت اور پی ڈی ایم اے کو 15 ارب روپے سے زائد کے فنڈز مہیا کیے گئے ہیں جبکہ مستحق افراد کی مالی امداد کیلئے 10 ارب روپے کے فنڈز دیئے گئے ہیں۔ رمضان المبارک میں بھی عوام کو ریلیف دیں گے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.