پاکستان کا امریکا کی بھارت کو ہارپون میزائلز اور ٹارپیڈوز کی فروخت پر تحفظات کا اظہار


اسلام آباد: پاکستان نے امریکا کی جانب سے بھارت کو ہارپون میزائلز اور ٹارپیڈوز کی فروخت کے معاملہ پرشدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے بھارت کو ہتھیاروں کی فروخت سے خطہ عدم استحکام کا شکار ہو جائے گا۔ میزائلوں کی فروخت کورونا وباء کیخلاف جنگ کے تناظر میں پریشان کن بھی ہے۔

ترجمان  دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کئی مرتبہ عالمی برادری کو بھارتی جارحانہ عزائم سے آگاہ کر چکا ہے۔ بھارت کو میزائلز کی فراہمی جنوبی ایشیاء کی سلامتی کی ابتر صورتحال مزید خراب کر سکتی ہے۔ بھارت کورونا وائرس کی عالمی جنگ کی آڑ میں کوئی جعلی آپریشن کر سکتا ہے۔ پاکستان کشیدگی بڑھانے کا نہیں ہر ممکن صبر و تحمل کا حامی ہے۔

پاکستان کی جانب سے عالمی برداری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا نوٹس لے۔ بھارت نے لائن آف کنٹرول پر 2017 میں 1300، 2018ء میں 2350 مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزیاں کیں۔ بھارت گذشتہ سال 2019ء میں 3351 رواں سال میں ابتک 765 بار فائر بندی کی خلاف ورزیاں کر چکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.