لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی،سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 18افراد ہلاک


نائیجیریا: نائیجیریا میں سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے 18 افراد کو گولیاں مار دیں۔

واقعے کے خلاف انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اتنے افراد کورونا سے نہیں مرے جتنے لاک ڈاؤن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے مارے۔ پولیس اہلکاروں نے طاقت کا بے جا استعمال کیا اور معصوم شہریوں کا ماورائے عدالت قتل کیا۔

اس بارے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیشن نے اپنی رپورٹ میں اہلکاروں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کے نام اور پتے فراہم نہیں کیے اور نہ ہی یہ بتایا کہ ماورائے عدالت قتل کہاں ہوئے۔ تفصیلات فراہم کی جائیں تو ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ براعظم افریقا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک نائیجیریا کے شہر لاگوس اور دارالحکومت ابوجا میں بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مکمل لاک ڈاؤن ہے جبکہ دیگر علاقوں میں بھی کچھ پابندیاں عائد ہیں۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.