حکومت کا آئندہ جمعتہ المبارک کو یوم توبہ کے طور پر منانے کا فیصلہ

اسلام آباد:علمائے کرام کے وفد کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں آئندہ جمعہ کو یوم توبہ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران علما کے وفد میں پیر امین الحسنات شاہ، پیر شمس الامین، پیر نقیب الرحمان، مولانا محمد حنیف جالندھری، مولانا طاہر محمود اشرفی، مولانا حامد الحق حقانی، حافظ غلام محمد سیالوی، علامہ راجا ناصر عباس، صاحب زادہ پیر سلطان فیاض الحسن، مفتی گلزار نعیمی، مولانا سید چراغ دین شاہ اور مولانا ضیا اللہ شاہ شامل تھے۔

وزیراعظم سے ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، مفتی منیب الرحمان اور مفتی تقی عثمانی اورعلامہ شہنشاہ نقوی نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

ملاقات میں وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر مذہبی امور نورالحق قادری، فردوس عاشق اعوان، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز اور دیگر بھی موجود تھے۔

علماء کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد معاون خصوصی  ڈاکٹر فردوس عاشق، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری نے  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام نے وزیراعظم کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

آئندہ جمعتہ المبارک کو  یوم توبہ اور یوم رحمت کے طور پر منایا جائیگا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیساتھ  ساتھ نظام زندگی کو بھی چلانا ہے۔ رمضان المبارک میں مساجد کھلی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اعلامیے کی خلاف ورزی ہوئی تو کاروائی ہوگی۔

مدارس کے بچوں کیلئے بھی گھر بیٹھے تعلیم کا پروگرام لایا جائے گا۔کورونا بڑا چیلنج ہے، ایمانی قوت کیساتھ اس کا مقابلہ کرنا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے تھے کہ مساجد آباد رہیں۔20 نکاتی اعلامیہ پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment