کورونا وائرس کے ساتھ ڈینگی کا بھی پنجاب پر وار شروع، 12مریض ہسپتال میں داخل

لاہور: موسم تبدیل ہوتے ہی کورونا سے سب زیادہ متاثرہ صوبہ پنجاب میں اب ڈینگی نے بھی اپنے قدم جمانے شروع کر دیئے ہیں۔ اب صوبہ پنجاب میں موسم تبدیل ہوتے ہی ڈینگی پھیلنے لگا۔

تفصیل کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک پنجاب میں ڈینگی کے 12 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے 2 مریضوں کا تعلق لاہور جب کہ 10 کا دیگر شہروں سے ہے۔

ترجمان محکمہ صحت نے بتایا ہے کہ ڈینگی سے متاثرہ تمام مریضوں کی حالت تسلی بخش ہے۔ ان میں سے بعض کو صحت یاب ہونے کے بعد گھروں کو بھی بھیج دیا ہے۔

ڈینگی کے بڑھتے کیسز کے بارے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، فیصل آباد، ملتان،راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژنز میں تاحال انسداد ڈینگی مہم شروع نہیں ہوسکی۔ گزشتہ سال ملک میں ناقص انتطامات کی وجہ سے جولائی تا نومبر ڈینگی کے 44000 سے زائد کیسز سامنے آئے تھے جب کہ 75 اموات ہوئی تھیں۔

اس بارے عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو یہ تعداد اس سال مزید بہت زیادہ بڑھ سکتی ہے اور ہم ایک اور وبا دیکھ سکتے ہیں۔

ترجمان انسداد ڈینگی پروگرام نے کہا کہ ڈینگی مچھر کا لاروا بارشوں کی وجہ سے کھڑے پانی میں پیدا ہو رہا ہے۔ جس کے خاتمے کے لئے ٹیمیں متحرک ہیں اور لاروے کو تلف کرنے کے لیے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ انسداد ڈینگی ٹیمیں کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کررہی ہیں اور ورکرز ماسک و گلوز پہن کر کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment