کورونا کے باعث ایک اور فرنٹ لائنر جان کی بازی ہار گیا


حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد فیصل نے ای این ٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد جاوید کی کورونا وائرس سے انتقال کی تصدیق کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر محمد جاوید ای این ٹی وارڈ میں فرائض سرانجام دے رہے تھے اور وہ کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر تھے۔
ان کے مطابق چند روز قبل ڈاکٹر جاوید کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ وینٹی لیٹر پر تھے۔ جہاں آج وہ جان کی بازی ہار گئے۔

جبکہ دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مشیر صحت اور ترجمان برائے کورونا وائرس اجمل وزیر نے بھی ڈاکٹر جاوید کی کورونا کے باعث انتقال کی تصدیق کردی۔

اجمل وزیر نے ڈاکٹر جاوید کی موت پر افسوس کا اظہار کیا اور کورونا کے خلاف تمام فرنٹ لائنرز کو خراج تحسین پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور میڈیکل اسٹاف اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عوام کو کورونا سے بچاو میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ ہم نے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کو حفاظتی سامان فراہم کیا ہے جبکہ ہماری کوشش ہے کہ طبی عملے کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے پہلے بھی ڈاکٹرز انتقال کرچکے ہیں تاہم ڈاکٹر جاوید خیبرپختونخوا میں کورونا وبا سے انتقال کرنے والے پہلے ڈاکٹر ہیں۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.