تتلیاں لوٹ آئیں

ہوا کی مستیوں پر شوخ رنگوں کی تتلیاں پھولوں پر منڈلائیں تو منظر بہت اچھا لگتا ہے ، کہتے ہیں فضائی آلودگی اگر حد سے بڑھنے لگے تو خوبصورت تتلیاں کوچ کر جاتی ہیں، یعنی عام الفاظ میں تتلیاں ناراض ہو جاتی ہیں کیونکہ تتلیوں کو صاف ستھرا ماحول زیادہ بھاتا ہے، تتلیوں سے یاد آیا کبھی بچپن میں گلاب کے پھولوں اور تتلیوں کی کہانیاں خوب سنی تھیں پھر ذرا بڑے ہوتے گئے تو پھولوں کے ساتھ تتلیوں کے عشق کی داستانیں بھی سنتے تھے ، لیکن جیسے جیسے بڑے ہوتے گئے فضائی آلودگی اتنی شدید ہوتی گئی پھولوں اور تتلیوں کا وہ پیار کہیں دیکھنے کو نہ ملا، ہمیشہ چاہ رہتی تھی مجھے کہ رنگ برنگی تتلیاں پھولوں کے گرد منڈلاتے دیکھوں ، میں وہ منظر دیکھنا چاہتی تھی کہ جب قوس قزح کے رنگوں سے مزین تتلیاں پھولوں کے پاس آئیں تو پھول کیسے جھوم اٹھتے ہیں

 

مجھے یاد ہے ان خوبصورت پھولوں پر دلکش تتلیوں کی اڑان دیکھنے کے لیے کبھی آفس کی فرمائش پر تو کبھی اپنی خواہش پر کئی بار پھولوں کی نمائش دیکھنے گئی کوریج بھی اس بہانے کی لیکن ہزاروں پھولوں میں ان نازک تتلیوں کی کمی شدت سے محسوس ہوتی تھی لیکن چونکہ پھول بہت پسند ہیں تو بس پھول دیکھ کر کر خوش ہو جاتی تھی آجکل بھی ہر طرف پھول ہیں بہت خوبصورت پھول وہی لال سفید گلابی اور موتیوں کی طرح زمین کا بوسہ لیتے ہوئے نارنجی، لال پیلے جامنی پھول، بہت خوصورت ہو گیا ہے اسلام آباد شہر ، جہاں نگاہ اٹھتی بہار ہی بہار کے رنگ نظر آتے ہیں، بہار کے رنگوں کے بھی کیا کہنے آج کے دن کی بات ہے آج صبح موسم تو خوشگوار نہیں تھا کہیں کہیں آسمان پر بادل تھے باقی تو سورج چمک رہا تھا اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ ، سورج کی تپش اتنی تیز تھی کہ گرمی محسوس ہونے لگی لیکن ساتھ ہی ٹھنڈی ہوا سے ایک خوشگوار احساس من میں سرایت کر جاتا تھا، مجھے آفس سے ڈیمانڈ تھی کہ ذرا رمضان المبارک میں موسم کیسا ہوگا اس پر احوال بتائیں ریکارڈنگ کر کے بھیجیں ، غوری ٹاوَن گھر سے نکل کے اسلام آباد ایکسپریس وے کی جانب جانے لگے تو موڑ پر ہی حسین رنگ برنگے پھولوں کے بیچ ریکارڈنگ کرنے کا سوچ لیا اور کیمرا مین کو ہدایات دیں کہ بس بھیا یہیں سے ریکارڈنگ ہوگی لوکیشن کمال ہے کیمرامین نے اتفاق کیا اور ہم پھولوں کی جانب بڑھنے لگے ، قدم بڑھاتے ہوئے اندازہ ہی نہیں تھا کہ آج یہاں قدرت کا وہ حسین نظارہ مل جائے گا جسے ہمیشہ دیکھنے کی چاہ تھی ، پتہ ہی نہیں تھا کہ آج اللہ نے میرا انتظار ختم کر دیا ، میں گلابوں کے پاس پہنچی لال گلاب اتنا خوبصورت لگ رہا تھا کہ رہا نہیں گیا فورا موبائل کیمرا سے گلابوں کی تصویریں بنانے لگی کہ اچانک ایک سفید رنگ کی تتلی نظر آئی ، میں تتلی دیکھ کر بچوں کی طرح کھل اٹھی ،میں اس ایک تتلی کے پیچھے پیچھے تھی کہ اچانک مختلف رنگوں سے سجی ایک تتلی جیسے قوس قزاح کے رنگ ہوں وہ آکے پیلے رنگ کے پھولوں پر بیٹھ گئی، حسین نازک سی تتلی اپنے حسن کا جلوہ بکھیرتے ہوئے پیلے پھول کا بوسہ لینے میں مصروف تھی کہ میں نے کیمرا مین کو آواز دی ساتھ ہی اپنے موبائل سے ویڈیوں بنانے لگی کہ اللہ نے مجھے یہ منظر دیکھنے کا شرف بخشا یادگار اپنے پاس محفوظ ہونی چاہیے، کیمرا مین بھی کامیاب ہوا اور ویڈیو بنا ڈالی، کہتے ہیں کوئی چیز حاصل ہو جائے تو چاہ ختم ہو جاتی ہے لیکن قدرت کے ساتھ عشق ایسا ہے کہ اس میں کچھ مل جائے تو چاہ اور زیادہ بڑھ جاتی ہے، میری بھی چاہ بڑھ گئی ، میں مزید تتلیاں بہت سارے رنگوں کی دیکھنا چاہتی تھی اور اندازہ ہی نہیں تھا کہ دل میں کی گئی خواہش اتنی جلدی دعا کی صورت پوری ہوگی، اچانک نارنجی ، سفید ، کالی ، قوس قزاح کے رنگوں سی جامنی اور کئی دلکش رنگوں کی تتلیاں آس پاس منڈلانے لگیں ، تتلیاں آتی اور سورج کی اٹھلاتی کرنوں پر ٹھنڈی ہوا میں جھومتے پھولوں کا بوسہ لے کر اڑ جاتیں، میں ڈھیر ساری تتلیوں اور پھولوں کے بیچ کھڑی ہنستی اس منظر سے محظوظ ہوتی رہی اور اللہ کا شکر ادا کیا کہ تتلیاں لوٹ آئی ہیں ، تتلیوں کی واپسی فضاء کے معطر ہونے کی ماحول کے صاف ستھرا ہونے کی نشانی ہے ، آخر میں پھر یہی کہونگی خدارا ماحول کو ایسے ہی صاف ستھرا رکھیں ، فضاء کو خوشگوار اور معطر رہنے دیں تاکہ تتلیوں کی طرح جو نایاب پرندے فضائی آلودگی کے باعث اگر ہجرت کر گئے تھے تو لوٹ آئیں، ایک بار قدرت سے عشق کا مزہ لے کر دیکھیں ، قدرت کے رنگوں کو محسوس کر دیکھیں ، ایک بار ایسے مناظر کی دلکشی میں جی کر دیکھیں یقین کریں آپ خود کو تروتازہ محسوس کریں گے، خود کو ہلکا پھلکا خوشگوار محسوس کریں گے،

مختلف انگریزی چینلوں پر یا کہیں انٹرنیٹ پر آپ نے یہ مناظر دیکھیں ہونگے لیکن حقیقت میں ان مناظر کو دیکھنا قدرت کے اس حسن کا محسوس کرنا ، ان سب کا اپنا ہی مزہ ہے ، آپ قدرت کے حسن میں جینے کا مزہ تو لیں ، آلودگی سے بھرے ماحول سے نکل کر کچھ اس جانب تھوڑی تو توجہ دے کر دیکھیں زندگی کا یہ تجربہ کر کے دیکھیں بہت اچھا لگے گا،، اچھی خوشگوار زندگی اور صحت مند زندگی کے لیے صاف ستھرا ماحول ضروری ہے ، اپنا اپنے پیاروں کا خیال رکھیں اپنے ماحول کا خیال رکھیں ، اپنے ماحول کو بچائیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment