وفاقی کابینہ کا اجلاس، انکوائری کمیشن کو رپورٹ کیلئےمزید تین ہفتے کی مُہلت مل گئی


اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے چینی بحران پرانکوائری کمیشن کو رپورٹ کیلئےمزید تین ہفتے دینے کی منظوری دیدی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صرف چند ورزا ہی شریک ہوسکے جبکہ ویڈیو لنک کی خرابی کے باعث کچھ وزراء شریک نہ ہوسکے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر نے چینی انکوائری کمیشن سے متعلق کابینہ کو بریفنگ دی جس کے بعد کابینہ نے چینی بحران پر انکوائری کمیشن کو مزید تین ہفتے دینے کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی، قومی رابطہ کمیٹی، قانونی مقدمات سے متعلق کابینہ کی کمیٹی کے فیصلوں اور لاک ڈاون بڑھانے کے فیصلے کی توثیق کی۔ کابینہ نے چھوٹا کاروبار کرنے والوں کےلیے 75 ارب روپے کے پیکج کی توثیق کرتے ہوئے صحافیوں اور صحافتی اداروں کی مالی امداد کے پیکج کی بھی منظوری دے دی ہے۔
وفاقی کابینہ نے مسابقتی کمیشن کے قائم مقام چیئرپرسن کی تعیناتی، متعدد لمیٹڈ کمپنیوں میں ڈائریکٹرزکی خالی اسامیوں پر نامزدگیوں، پاکستان پیٹرولیم کمپنی، سوئی نادرن گیس، پاکستان منرل ڈویلپمنٹ، آئل اینڈ گیس کمپنی میں نامزدگیوں اور مالیاتی معاہدوں سے متعلق بلز 2020 کی منظوری دے دی۔ کابینہ اجلاس میں پاک عرب ریفائنری بورڈ آف ڈائریکٹرزکی تشکیل نو کی منظوری دی گئی جب کہ واپڈا کے ممبر فنانس کی تقرری کا معاملہ مؤخر کردیا گیا۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.