لاک ڈاؤن: وسیم اکرم نے آن لائن سیشنز میں پیسرز کا حوصلہ بڑھایا


لاہور: پی سی بی نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں تک محدود قومی اور ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی رہنمائی کیلئے آن لائن کلاسس کا سلسلہ شروع کیا ہے۔دوسرے روز اس آن لائن سیشن میں فاسٹ باؤلر وسیم اکرم نے پیسرز کو کیریئر میں کامیابی کے گر سیکھائے۔ انہوں نے کہا کہ فاسٹ باؤلر کیلئے ڈسپلن اور خود اعتمادی کے ساتھ بے خوف ہونا ضروری ہے۔

 رپورٹ کے مطابق سابق کرکٹر نے ٹپس دیتے ہوئے کہا کہ کیریئر کے مشکل وقت میں بھی خدشات کو پس پشت ڈال کر آگے بڑھنے سے ہی کرکٹر کو کامیابی ملتی ہے۔ انہوں نے کرکٹر کو بتایا کہ میں کبھی کسی خاص کارکردگی پر مطمئن نہیں ہوتا تھا۔ ایک اچھا کھلاڑی ہر نئے دن کے لیے نئی حکمت عملی تیار کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ میچز ہی اصل کرکٹ ہے۔ عظیم کھلاڑی بننے کے لیے پہلے فارمیٹ میں کامیابی حاصل کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ وسیم اکرم نے کہا کہ میں کیریئر کے دوران اپنے اہداف ترتیب دیا کرتا تھا۔ سب سے بڑا مقصد یہی تھا کہ کرکٹ چھوڑنے کے بعد ان سب کو یاد رکھا جائے۔ مبصرین مجھے آل ٹائم ٹیسٹ الیون میں شامل کریں۔

سابق کپتان نے شاہین شاہ آفریدی کو کہا کہ فاسٹ باؤلرز میں مسابقت بہت ضروری ہوتی ہے۔ میں وقار یونس کے رن اپ سے زیادہ متاثر ہوا تھا۔ ان کی اسپیڈ سے دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے بیٹسمین ڈرتے تھے۔ کئی بار دونوں نے ملکر ایک دوسرے کی قابلیت پر اعتماد کرکے میچ کا پانسہ پلٹا۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.