کورونا لاک ڈاؤن: پنجاب حکومت کا مارکیٹوں کو مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ


لاہور: سردارعثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مرحلہ وار کا روبار کی اجازت دینے کے لیے ایس او پیز تیار کر لیے گئے ہیں، صنعتکاروں اور تاجربرادری کو وضع کردہ ہدایات پرعملدرآمد کرنا ہوگا اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی توانڈسٹری کوبند کر دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے لاہورمیں اپٹما کے سربراہ گوہراعجاز کی قیادت میں صنعتکاروں اور تاجر برادری کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ نے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ عثمان بزار نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث سب سے زیادہ مشکلات کا شکار غریب اور عام آدمی ہے، ہمارا مقصد غریب آدمی کی مشکلات کا ازالہ ہے۔

وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ روڈ سیکٹراور بلڈنگ کےعلاوہ کنسٹرکشن سے متعلقہ دیگرانڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولا دیا جائےگا، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سےمارکیٹیں اور بازار بھی کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیراعلی پنجاب سے ملاقات کرنے والوں میں صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عرفان اقبال شیخ، عدیل بشیر، احمد ظفر، پرویز لالہ،اکبر شیخ، ایس ایم نبیل اور دیگر شامل تھے جبکہ صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال، ہاشم جواں بخت، فیاض الحسن چوہان، وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ عمران،سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی موقع پر موجود تھے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.