ترکش ڈرامے’’ارطغرل غازی‘‘ کی طرز پر کہانی لکھ رہا ہوں، خلیل الرحمان قمر

مصنف خلیل الرحمان قمرکا کہنا ہے کہ وہ ترکش ڈرامے’’ارطغرل غازی‘‘ کی طرز پر کہانی لکھ رہے ہیں۔

پاکستان کو ’’میرے پاس تم ہو‘‘ اور ’’پیارے افضل‘‘ سمیت متعدد کامیاب سیریلز دینے والے مصنف خلیل الرحمان قمر نے نجی ٹی وی کے ٹاک شو کے دوران کہا ہے کہ وہ ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ کے طرز پر پاکستان میں ایک ڈرامہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس کے لیے انہوں نے کہانی پر کام شروع کردیا ہے۔

یاد رہے کہ ترک مسلمانوں کی تیرہویں صدی میں اسلامی فتوحات پر مبنی ترکش ڈراما سیریل ’’ارطغرل غازی‘‘ نے پاکستان میں مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کردئیے ہیں۔ اس ڈرامے کو نہ صرف یوٹیوب پر لوگ بے تحاشہ پسند کررہے ہیں بلکہ یہ ٹوئٹر اوریوٹیوب پر ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے اورپاکستانی سوشل میڈیا تو اس ڈرامے کے کردار و مکالموں سے بھرا پڑا ہے۔

پاکستان میں اس ڈرامے کی روزبروز بڑھتی مقبولیت کے پیش نظر نجی ٹی وی چینل کی اینکر نے اپنے ٹاک شو میں خلیل الرحمان قمر کو مدعو کیا اور ان سے پوچھا کہ کیا آپ ارطغرل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے اس طرح کی کہانی پر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں؟ جس پر خلیل الرحمان قمر نے کہا  بالکل میں سوچ رہا ہوں اور 3 روز قبل میں نے ہمایوں سعید سے اس موضوع پر بات بھی کی تھی جس کے بعد ہم نے ارطغرل کی طرح کے پراجیکٹ پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔

خلیل الرحمان قمر نے مزید کہا کہ ہماری حدود بہت ہیں اور ہمیں اس طرح کا طعنہ اس لیے نہیں دیا جاسکتا کہ ہمارے پاس صرف وسائل کا پرابلم ہے ورنہ ہمارے پاس بہترین اداکاروہدایت کار اور بہترین دیکھنے والے موجود ہیں۔ خلیل الرحمان کی اس بات پر شو کی میزبان نے کہا خلیل صاحب آپ نے اس وقت یہ خبر دے کر کہ آپ ’ارطغرل‘ کی طرح کے پراجیکٹ پر کام کرنے کا سوچ رہے ہیں پاکستانیوں کو خوش کر دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment