کورونا وائرس: برطانیہ میں 3 لاکھ افراد نے تمباکو نوشی ترک کر دی

لندن: عالمی وباء کورونا وائرس کا شکار ہونے کے خوف سےبرطانیہ میں 3 لاکھ سے زائد افراد نے تمباکونوشی چھوڑ دی اور 24 لاکھ سے زیادہ لوگوں نے پہلے کے مقابلے میں کم کردی ہے۔

برطانیہ میں ’یُو گوو‘ نامی ادارے کی جانب سے کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں متوقع اثرات کے خوف سے 3 لاکھ سے زیادہ افراد نے سگریٹ نوشی کو خیرباد کہا۔ اس کے علاوہ 5 لاکھ سے زیادہ افراد نے گھر میں قرنطینہ کے دوران اپنی سگریٹ نوشی کی خواہش کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جبکہ 24 لاکھ افراد نے عملی طور پر سگریٹ نوشی کو کم کر دیا۔سروے میں شامل افراد میں سے 27% کا کہنا ہے کہ وہ اب سگریٹ نوشی چھوڑنے کے حوالے سے زیادہ قائل ہو چکے ہیں۔ ماضی کے سگریٹ نوش افراد میں ایک چوتھائی نے باور کرایا ہے کہ ان کے سگریٹ نوشی دوبارہ شروع کرنے کے مواقع اب کم ہو گئے ہیں۔ اس کے مقابل صرف 4% افراد نے کہا کہ گوشہ تنہائی اختیار کرنے سے ان کی سگریٹ نوشی کی عادت میں اضافہ ہو گیا۔

یاد رہے کورونا کے سبب متاثرہ افراد اور اموات کی سب سے زیادہ تعداد کے لحاظ سے امریکا کے بعد برطانیہ کا دنیا بھر میں دوسرا نمبر ہے جہاں اب تک 30 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔عالمی ادارہ صحت نے رواں سال مارچ کے اواخر میں کہا تھا کہ سگریٹ نوشی سے انسان کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے اور اسے دوسروں تک پہنچانے کے مواقع مزید بڑھ جاتے ہیں جبکہ تمباکونوشی سے انسان کا نظامِ تنفس کمزور ہو جاتا ہے۔ اس کے نتیجے میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے مواقع بڑھ جاتے ہیں کیوں کہ یہ وبائی مرض خاص طور پر انسان کے پھیپھڑوں پر حملہ کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment