فافن سروے: اراکین صوبائی اسمبلیوں سے تجاویز لے لی گئیں


اسلام آباد: فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک کی جانب سے کورونا سے نمٹنے کے لیے اراکین صوبائی اسمبلیوں کی تجاویز پرسروے کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 749 اراکین میں سے 219 اراکین صوبائی اسمبلیوں سے سروے کیا گیا۔ سروے میں اراکین صوبائی اسمبلیوں نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔ اراکین صوبائی اسمبلیوں نے کورونا وائرس کے نقصانات سے نمٹنے کے لیے مزید بہتر اور سنجیدہ اقدمات کا مطالبہ کیا۔ 219 اراکین صوبائی اسمبلیوں میں سے 59 فیصد نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے بحران سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات پر زور دیا۔ فافن سروے کے مطابق 59 فیصد میں سے 21 فیصد تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے اراکین نے وباء سے نمٹنے کے لیے مزید بہتراقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ صوبہ پنجاب کے سب سے زیادہ اراکین نے اپنی حکومت سے کورونا کے خلاف بہتر اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ سروے کے مطابق 50 فیصد اراکین صوبائی اسمبلی کورونا سے نمٹنے کے لیے اپنی ضلعی انتظامیہ سے رابطہ ہی نہ کر سکے۔

خیال رہے سروے میں پنجاب اسمبلی کے 101، سندھ اسمبلی کے 53، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 45 اور بلوچستان اسمبلی کے 20 ارکان شامل تھے۔ اراکین صوبائی اسمبلیوں کی تجاویز میں معاشی اثرات سے نمٹنا اورٹیسٹ کی سہولیات میں بہتری لانا بھی شامل تھا۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.