پی آئی اے پاکستانیوں کی میتیوں کی منتقلی کی خدمات مفت سرانجام دیتی ہے، ترجمان

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے پاکستانیوں کی میتیوں کی منتقلی کی خدمات مفت سرانجام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا بیرون ملک وفات پانے والے ہم وطنوں کی میتیوں کو واپس لارہے ہیں۔ پی آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ اسپین میں کورونا وائرس سے وفات پانے والے 3 افراد کی میتیں آج لاہور پہنچائی گئیں۔انہوں نے کہا ہے کہ بارسلونا سے لاہورآنے والی پرواز پی کے 8770 کے ذریعے میتیوں کو وطن لایا گیا۔

دوسری جانب پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب کے لیے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پی آئی اے کی پرواز آج ریاض سے 250 پاکستانیوں کو لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ ہفتہ کے روز پی آئی اے کی ایک اور پرواز مدینہ سے 250 پاکستانیوں کو لے کر کراچی پہنچے گی۔ 18 مئی کو پی آئی اے کی پرواز جدہ سے 250  پاکستانیوں کو فیصل آباد لائے گی۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 21 مئی کو پی آئی اے کی پرواز دمام سے اسلام آباد کے لیے آپریٹ ہو گی۔

یاد رہے کہ پی آئی اے نے مشرق وسطیٰ کی پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی سروس بند کر دی ہے۔ پی آئی اے حکام کا اس ضمن میں کہنا تھا کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظردبئی، ابوظہبی، سعودی عرب، مسقط اور عمان کی پروازوں میں مسافروں کو کھانا فراہم نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment