چند ہفتوں میں کورونا وائرس کی دوا ’رمڈیسیویر‘ کی تیاری شروع ہو جائے گی، ڈاکٹر ظفر مرزا

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں چند ہفتوں میں کورونا وائرس کی دوا ’رمڈیسیویر‘ کی تیاری شروع ہو جائے گی اور کوشش کی جائے گی کہ اس دواکی قیمت کم سے کم رکھی جائے۔

امریکا کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے ہنگامی بنیادوں پر گیلیڈ سائنسز کی ایبولا وائرس کے لیے تیار کی گئی دوا ‘رمڈیسیویر’ کورونا کے مریضوں کو دینے کی اجازت دی تھی جس کو بنانے کے لیے امریکی کمپنی گیلیڈ سے پاکستان نے دو روز قبل معاہدہ کیا ہے۔

اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ کورونا وائرس کی ابھی نہ ویکسین ہے نہ کوئی مستند علاج مگر امریکا کی دوا ساز کمپنی نے ’رمڈیسیویر‘ دوا بنا کر کہا ہے کہ یہ کورونا کی موثر دوا ہے جو انجیکشن کی صورت میں ہے، اس کے استعمال سے مرض کی شدت میں 30 فیصد کمی آئی ہے۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ اس دوا کو بنانے کے لیے دنیا میں پانچ کمپنیوں کولائسنسز دیے گئے ہیں جن میں سے ایک کمپنی پاکستان کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے 7 مارچ کو وزیراعظم عمران خان نے دوا ساز کمپنی کے حکام سے میٹنگ بھی کی ہے اور چند ہفتوں میں ہی پاکستان میں اس دوا کی تیاری شروع ہو جائے گی۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ دوا کی رجسٹریشن 5 ہفتوں میں ہوگی جب کہ 8 ہفتوں کے دوران اس کی پیداوار شروع ہو جائے گی جس کے بعد پاکستان سے یہ دوا 127 ممالک کو فراہم بھی کی جا سکے گی۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھنے کا امکان ہے اسی لیے ہماری کوشش ہے کہ یہ دوا کم سے کم قیمت میں یقینی بنائی جائے۔

طبی عملے اور ڈاکٹرز کی حفاظت سے متعلق معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا کے خلاف صف اول میں لڑنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈکس کا تحفظ ناگزیر ہے اسی لیے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے وزارت صحت اور ماہرین سے رہنمائی لی اور ضابطہ کار تیار کیے جو شعبہ صحت سے وابستہ تمام افراد کے لیے مختلف جگہوں پر آویزاں کیے ہیں کیونکہ انفرادی حفاظتی سامان پر مکمل آگہی اور درست استعمال صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا کا مزید کہنا تھا کہ صرف طبی عملہ ہی نہیں بلکہ کورونا کے خلاف فرض نبھانے والے ہر اول دستے کے ہر عظیم مجاہد تک رہنما اصول و ضوابط پہنچائے گئے ہیں۔ ان رہنما اصولوں اور ضابطہ کار سے فوائد کے حقیقی حصول کے لیے ایک دستاویزی فلم بھی تیار کی گئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کب، کس وقت، کن حالات میں کونسا انفرادی حفاظتی سامان استعمال کرنا ہے، ساتھ ہی اس فلم میں انفرادی حفاظتی سامان اور آلات کے استعمال کا مکمل طریقہ کار بھی واضح ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستاویزی فلم ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈکس، شعبہ صحت سے وابستہ دیگر افراد کے لیے بہترین بصری مدد ہے اس سے ڈاکٹرز کی معاونت، انفرادی حفاظتی سامان اور وسائل کے بہتر استعمال میں مدد مل سکے گی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment