فیس بک اب اینیمیٹڈ تصاویر شیئر کرنے والی کمپنی کی بھی مالک بن گئی


اسلام آباد: دنیا کی مقبول ترین امریکی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک نے انسٹاگرام اور واٹس ایپ کے بعد اب اینیمیٹڈ تصاویر شیئر کرنے والی کمپنی گفی کو بھی خرید لیا ہے۔

نیوز رپورٹ کے مطابق فیس بک نے گفی کمپنی کو حصص 4 سو ملین ڈالرز میں خرید کر اس کی ملکیت حاصل کرلی، جس کے بعد دنیا کی تین بڑی کمپنیاں انسٹاگرام، واٹس ایپ، گفی فیس بک کی زیر ملکیت آگئی ہیں۔ فیس بک نے گفی کمپنی کے حصص خریدنے کی کوششیں 2015 سے شروع کیں اور پانچ سال کے طویل عرصے کے بعد کمپنی اپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ فیس بک نے گفی کو خرید کر اسے فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام کا حصہ بنا دیا ہے یعنی صارفین اب چند روز میں اینیمیٹڈ تصاویر بھی فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کرسکیں گے۔

فیس بک کے پراڈکٹ شعبے کے نائب صدر وشال شاہ نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا کہ ‘انسٹاگرام اور گفی کو اکٹھا کرکے ہم لوگوں کے لیے اسٹوریز اور ڈائریکٹ میں بہترین گفس اور اسٹیکرز کی تلاش کو آسان بنا رہے ہیں۔

گفی ٹیم نے اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کے لیے سروس کی دستیابی کو برقرار رکھیں گے جس میں صارفین معمول کے مطابق گفس اپلوڈ کرسکیں گے۔

یاد رہے کہ گفی اے پی آئیز کو میسنجر، انسٹاگرام اور واٹس ایپ پر برسوں سے سپورٹ فراہم کررہی تھی۔  فیس بک کے مطابق صرف انسٹاگرام سے ہی گفی کے روزانہ ٹریفک کا 25 فیصد حصہ آتا ہے جبکہ دیگر سروسز سے مزید 25 فیصد ٹریفک اس سروس کو ملتا ہے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.