ایف آئی اے کی کاروائی، را کے لیے کام کرنے والا افسر گرفتار

کراچی: فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی کے کاؤنٹر ٹیررزم ونگ نے غیرملکی خفیہ نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے را کے نیٹ ورک کے لیے سرگرم اسپیشل برانچ پولیس کا افسر گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق اسپیشل برانچ پولیس افسر اے ایس آئی مصور نقوی بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپرسیل کا اہم رکن ہے، گرفتار ملزم کراچی ایئرپورٹ پر سرویلنس یونٹ میں ڈیوٹی کر رہا تھا۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ گرفتار ملزم کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم 1991ء میں سندھ پولیس میں بھرتی ہوا تھا، محمود صدیقی کی ہدایت پر ملزم کو رقم فراہم کی جاتی تھی، گرفتار ملزم سال 2008ء میں را نیٹ ورک کی ٹریننگ کے لیے انڈیا بھی جاچکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزم ایئرپورٹ پر ساتھیوں کی آمدورفت میں سہولت کاری بھی کرتا تھا اور ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث رہا ہے۔

یاد رہے اس سے قبل ایف آئی اے حکام نے کراچی پولیس کا ایک اے ایس آئی بھی اس نیٹ ورک کے لیے کام کرتے ہوئے گرفتار کیا تھا، بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 6 مبینہ ملزمان پہلے ہی گرفتار ہیں جبکہ گرفتار ملزمان سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی تحقیقات کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں