امریکی صدر نے پاکستانی نژاد امریکی نو عمر لڑکی کو اعزاز سے نواز دیا

کورونا وائرس سے نمٹنے والے مقامی طبی کارکنان اور فائر فائٹرز کو بسکٹس کے 100 باکس عطیہ کرنے والی پاکستانی لڑکی لیلیٰ خان کے اس کارخیر کو سراہتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انہیں اعزاز سے نوازا۔

تفصیل کے مطابق امریکا میں عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے فرنٹ لائن ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سرکاری طور پر ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں صدر ٹرمپ نے امریکی ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی 10سالہ پاکستانی نژاد امریکی نوعمر لڑکی لیلیٰ خان کو طبی عملے اور فائر فائٹرز کو عطیہ دینے پر اعزاز سے نوازا۔

منعقدہ تقریب کے دوران لیلیٰ کی خدمات کے اعتراف میں ٹرمپ نے انہیں خود تعریفی سند عطا کی اور ان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

یاد رہے امریکا میں جاری گرلز اسکاؤٹس کوکیز فنڈ ریزنگ مہم میں حصہ لینے والی لیلیٰ خان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے خدمات پیش کرنے والے مقامی طبی عملے اورفائر فائٹرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے گرلز اسکاوئٹس کوکیز (بسکٹ ) کے 100 باکسز اور تشکر کےکارڈز پیش کیے تھے۔پاکستان میں واقع امریکی سفارتخانے نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر  لیلیٰ خان اور ٹرمپ کی تصویر کے ساتھ پیغام بھی شیئر کیا۔

خیال رہے کہ ہرسال امریکا بھر میں جنوری سے اپریل تک ہونے والی گرلز اسکاوٹس کوکیز فنڈ ریزنگ مہم کے دوران 10 لاکھ سے زائد لڑکیاں 20 کروڑ سے زائد کوکیز باکسز فروخت کرکے 800 کروڑ ڈالرز مالیت تک کے عطیات جمع کرتی ہیں اور کوکیز باکس کی فروخت سے جمع ہونے والی رقم فلاحی مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment