کورونا وائرس: دنیا بھر میں 3 لاکھ 16 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے


اسلام آباد:عالمگیر وباء کورونا وائرس سے پوری دنیا میں اموات کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزارسے تجاوز کرگئی۔ عالمی سطح پر کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 48 لاکھ 19 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پوری دنیا میں اب تک خود اعتمادی، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 18 لاکھ 64 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

 امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 15 لاکھ 27 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 90 ہزار 9 سو سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔ روس میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار سے تجاوز کر گئی جب کہ 2 ہزار 600 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔ اسپین میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ 77 ہزارسے زائد ہو گئی ہے۔ اس طرح اسپین میں جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 27 ہزار 6 سو سے بڑھ گئی ہے۔ اٹلی میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد دولاکھ 25 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 31 ہزار9 سو سے زائد ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے  کے مطابق برطانیہ میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دو لاکھ 43 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں 34 ہزار6 سو سے زائد افراد نے داعی اجل کو لبیک کہا ہے۔ فرانس میں ایک لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد اب تک کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی کل تعداد 28 ہزار1 سو سے بڑھ گئی ہے۔

جرمنی میں بھی کورونا کے باعث اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق اب تک آٹھ ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔ کورونا سے متاثرہ افراد کی کل تعداد ایک لاکھ 76 ہزار 6 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ ترکی میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد چار ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور ایک لاکھ 49 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ ایران میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد چھ ہزار9 سو سے بڑھ گئی ہے۔ ایران میں اب تک ایک لاکھ 20 ہزار 198افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ بھیجیں