عالمی تنظیم نے’مکڈونلڈز’ کے خلاف مقدمہ دائر کر دیا


نیدر لینڈ: امریکہ کی ملٹی نیشنل فوڈ چین کمپنی مکڈونلڈز پر مزدوروں کی ایک عالمی تنظیم نے جنسی ہراسانی، ریپ اور جنسی تعلقات کو بطور کلچر اختیار کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ دائر کردیا۔

مکڈونلڈز اگرچہ امریکی کمپنی ہے، تاہم اس کے فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس دنیا بھر میں موجود ہیں۔جہاں دنیا بھر میں مکڈونلڈز کے کھانوں کو پسند کیا جاتا ہے، وہیں کمپنی پر انتہائی مہنگے دام پر کھانوں کو فروخت کرنے جسیے الزامات بھی لگائے جاتے ہیں اور اس کمپنی کے خلاف مقامی سطح پر ماضی میں بھی جنسی ہراسانی اور صنفی تفریق جیسے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ ملٹی نیشنل کمپنی کے خلاف ایک ایسا کیس دائر کیا گیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مکڈونلڈز کے دنیا کے متعدد ممالک کے ریسٹورنٹس میں ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کیا جاتا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق فوڈ ورکرز کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل یونین آف فوڈ ورکرز (آئی یو ایف) نے مکڈونلڈز کے خلاف یورپی ملک نیدر لینڈ میں واقع ایک عالمی ادارے کے دفتر میں تحریری شکایت درج کروادی۔

مزدوروں کی عالمی تنظیم نے نیدرلینڈ میں واقع آرگنائزیشن فار اکانامک کو آپریشن اینڈ ڈیویلپمینٹ کے دفتر میں مکڈونلڈز کے خلاف درخواست دائر کی، جس میں مزدوروں کی تنظیم نے فوڈ چین ریسٹورنٹس کمپنی پر سنگین الزامات عائد کیے۔ مزدوروں کی عالمی تنظیم کی جانب سے مکڈونلڈز کے خلاف دائر کی گئی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مکڈونلڈز ریسٹورنسٹ میں کام کرنے والے ملازمین کو جنسی بنیادوں پر تضحیک کا نشانہ بنانے سمیت انہیں نہ صرف ریپ کا نشانہ بنایا جاتا ہے بلکہ انہیں جنسی تعلقات استوار کرنے کے لیے مجبور کیا جاتا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالمی مزدور تنظیم نے مکڈونلڈز کے خلاف دائر درخواست میں تحریری ثبوت بھی پیش کیے اور بتایا کہ امریکا، برطانیہ، آسٹریلیا، برازیل، چلی، کمبوڈیہ اور فرانس سمیت کئی ممالک میں موجود مکڈونلڈز کے ریسٹورنٹس میں نوجوان اور کم عمر ملازمین کو جنسی ہراسانی، جنسی تفریق اور ریپ کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ مزدوروں کی تنظیم کے مطابق مکڈونلڈز ریسٹورنٹس میں ریپ کو پروان چڑھانے، جنسی ہراسانی یا پھر ملازمین کو جنسی تعلقات استوار کرنے کے لیے مجبور کرنے جیسے عوامل کمپنی کا حصہ بن چکے ہیں اور وہاں پر ان چیزوں کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔

مزدوروں کی عالمی تنظیم نے اپنی شکایت میں فرانس کے ایک مکڈونلڈ ریسٹورنٹ کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہاں کے مینیجر نے خواتین ملازمین کے کپڑے تبدیل کرنے والے کمرے میں خفیہ کیمرے نصب کر رکھے تھے۔

مزدوروں کی عالمی تنظیم نے نیدرلینڈ میں واقع عالمی ادارے کے دفتر میں شکایت درج کرواتے ہوئے نیدر لینڈ کی حکومت نے مکڈونلڈز کے خلاف تفتیش کا مطالبہ بھی کیا اور رپورٹ میں مزدوروں کے ادارے نے ناروے اور نیدرلینڈ کے ایک بینک پر بھی سنگین الزامات عائد کیے۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ واقعے کے بعد مکڈونلڈز ممکنہ طور پر ملازمین کی حفاظت کے لیے نئے قوانین نافذ کروا سکتا ہے، جن کے تحت وہ فرنچائز مالکان کو ملازمین کی حفاظت کا پابند بنا سکتا ہے۔

دوسری جانب مکڈونلڈز نے اپنےخلاف سنگین الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھی شکایات کے حوالے سے تحقیق جاری رکھے ہوئے ہے۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.