نیب نے سابق وفاقی وزیر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی

اسلام آباد: نیشنل اکاونٹیبلٹی بیورو نے سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی، نیب کی جانب سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے علاوہ آصف زرداری کی پولیٹیکل سیکریٹری رخسانہ بنگش کے خلاف انکوائری کی بھی منظوری دی گئی۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے وزارت خارجہ کے افسران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے، ملزمان نے جکارتہ میں پاکستانی سفارت خانے کی عمارت فروخت کی۔ ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں سینئر جوائنٹ سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ عارف ابراہیم کے خلاف بھی تحقیقات کی منظوری دی گئی، ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل شریف خاندان کیخلاف نئے ریفرنسز کی سفارشات منظوری کے لیے چیئرمین نیب جسٹس (ر)  جاوید اقبال کو بھجوائی گئی تھیں۔ نیب کی جانب سے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز کی سفارشات بھجوائی گئیں۔ ریفرنسز منی لانڈرنگ، چودھری شوگر ملز اور اثاثہ جات سے متعلق ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment