اسپائیڈرمین بننے کے جنون میں تین بھائی اسپتال پہنچ گئے


بولیویا: ہالی وڈ فلم اسپائیڈرمین کے ہیرو سے متاثر ہوکر تین بھائیوں نے اپنے آپ کو خطرناک کالی مکڑی سے کٹوا لیا جس کے بعد ان کی طبیعت ناساز ہوگئی اور انہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

بچوں کا خیال تھا کہ فلم کی طرح حقیقی زندگی میں بھی مکڑی کے کاٹنے سے ان میں سپر ہیرو جیسی خصوصیات پیدا ہوجائیں گے۔ تینوں بھائیوں نے مکڑی کو زبردستی کاٹنے پر اکسایا تھا۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ماں نے بیٹوں کو درد سے تڑپتا دیکھ کر انہیں بنیادی صحت کے مرکز پہنچایا اور وہاں سے بچوں کو بڑے اسپتال منتقل کیا گیا۔  اسپتال کی رپورٹ کے مطابق تینوں بھائیوں کو کپکپی، پٹھوں میں درد اور بخار ہوا اور انہیں ایک ہفتے تک علاج کی غرض سے اسپتال میں رکھا گیا۔

واضح رہے تینوں بھائیوں نے خود کو کالی مکڑی سے کٹوایا تھا جس میں عام مکڑیوں کی نسبت 15 فیصد زیادہ زہر ہوتا ہے۔ نیشنل جیوگرافک کے مطابق یہ دنیا کی خطرناک مکڑی ہے جس سے لوگ سب سے زیادہ ڈرتے ہیں۔


Leave A Reply

Your email address will not be published.