رب تو بعد اپنا ہی آسرا ہے!!!

پوری دنیا جو اس وقت حالت جنگ میں ہے ایک ایسی وبا سے لڑ رہی جس نے تقریباً پوری دنیا کو زندگی کی ایک نئی جستجو میں ڈال دیا ہے. اب اس وبا سے بچنے کیلئے ہی نہیں بلکہ ایک صحت مند زندگی گزارنے کے طریقے دریافت کیے جارے ہیں.
لیکن اس کیلئے بھی تو زندہ رہنا ضروری ہے، جس تیزی سے یہ وبا پھیل رہی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ پوری دنیا ایک بار ضرور اس سے متاثر ہو گی، جو بچ جائیں گے وہ چند ماہ بعد یا سال بعد اس سے متاثر ہونگے لیکن ہونگے ضرور. ضرورت اس امر کی ہے کہ اس سے خود کو محفوظ کیسے رکھا جائے اور اس مرض سے کیسے لڑا جائے.
زندگی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نےاس جنگ میں اپنا اپنا قلیدی کردار ادا کر دیا ہے اور ابھی بھی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں. چاہیے وہ ہسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرز، میڈیکل اسٹاف، نرسز، پولیس، حکومتی ادارے، سیاستدان، صحافی، اساتذہ یا ہماری ریاست سب نے اپنے اپنے حصے کی جنگ لڑ لی ہے لیکن نتائج ہمارے سامنے ہیں. ہم ملکر کی بھی اس کا مقابلہ کیوں نہیں کر پا رہے؟
اس مرض کی روک تھام کے لئے سب سے پہلا قدم جو دیگر ممالک میں بھی اٹھایا گیا مطلب لاک ڈاؤن کا فیصلہ، جس پر عملدرآمد بھی ہوا اور شاید کسی حد تک اس کو پھیلنے سے روکنے میں کارآمد بھی رہا، لیکن اس کے برعکس ہونے والا ملکی معشیت کو جو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا اس کی مثال بھی نہیں ملتی. ایک طرف انسانی جانیں ہیں تو دوسری طرف ملکی معیشت جس کے بغیر بھی انسانی زندگی ممکن نہیں. کس کو بچایا جائے کسے داؤ پر لگایا جائے فیصلہ کرنا اتنا ہی مشکل ہے، جیسے موت کے منہ سے نکلنا.
لاک ڈاؤن سے صرف کاروباری زندگی ہی متاثر نہیں، ہر شخص گھر کا ہر کفیل اس سے بری طرح متاثر ہوا، گھروں میں کھانے کا دو وقت کا کھانا کم پڑگیا، لیکن حکومت اور چند مخیر حضرات نے اپنی مدد آپ کے تحت بہت سے سفید پوش لوگوں کی مدد کی، گھر گھر راشن اور ضرورت کی اشیاء فراہم کیں. لیکن اس سب کے باوجود ہمیں لاک ڈاؤن کو ختم کرنے نا فیصلہ لینا پڑا اور انسانی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کا بہت بڑا رزق لینا پڑا، جس کے نتیجے میں آج ہمارا شمار متاثرہ ممالک کی فہرست میں بہت اوپر آگیا ہے.
ہم کیوں نہیں سمجھنا چارہے کہ باقی ممالک کی طرح ہمارے ملک کے وسائل اتنے نہیں کہ ہمیں مکمل لاک ڈاؤن کے ذریعے ہی اس سے بچایا جا سکے. کچھ ذمہ داریاں ہماری اپنی بھی جنہیں ہم شروع دن نظر انداز کرتے آرے ہیں. دوسرے ممالک میں بھی لاک ڈاؤن لگے، اور پھر تمام مارکیٹس یہاں تک کے تعلیمی ادارے بھی کھول دیے گئے کیونکہ انہیں اپنے بحیثیت قوم اپنی تمام تر ذمہ داریوں کا احساس ہے اور وہ اپنی ریاست کے بتائے ہوئے تمام احکامات پر عمل کرتے ہوئے اپنی زندگی کو پھر سے نارمل طریقے سے گزار رہے ہیں.
ہمیں بھی دوسروں پر تنقید کرنے سے بہتر ہے کہ اپنے اندر اس احساس ذمہ داری کو اجاگر کریں، اپنے ساتھ ساتھ اپنے اردگرد کے لوگوں کا خیال کریں، اپنی اس سر زمین پاک کو پھر سے مستحکم اور خوشحال بنانے کے لیے موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر کیے جانے والے احکامات پر عمل کریں اور خود سے اس وبا کا مقابلہ کریں، اپنی زہنی اور جسمانی نشوونما بہتر بنائیں، گھروں میں محصور رہیں بلاوجہ گھروں سے باہر نا نکلیں، اچھی خوراک کھائیں اپنے آپ پر توجہ دیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو بہتر اور کرونا سے پاک مستقبل کی نوید سنائیں.

متعلقہ خبریں

Leave a Comment