کورونا وائرس کے حملے جاری، پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد، اموات 2018 ہوگئیں

پاکستان میں عالمی سطح پر انسانی آبادی کو متاثر کرنے والے نوول کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافے کا رجحان دیکھا جارہا ہے جس کے باعث ملک میں یومیہ ہزاروں کیسز اور درجنوں اموات سامنے آرہی ہیں۔

ملک میں اب تک کورونا وائرس سے ایک لاکھ 687 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس سے ہونے والی اموات کی تعداد 2 ہزار 18 تک جاپہنچی ہے۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (7 جون کو) پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے 4 ہزار 242 کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مزید 44 اموات بھی ہوئیں۔

خیال رہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں 15ویں نمبر پر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی اس عالمی وبا کو آئے 3 ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے جس کے پھیلاؤ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید اضٖافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔

ملک میں عالمی وبا کا پہلا کیس 25 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اسی ماہ کے اواخر اور مارچ کے دوران پاکستان میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 ہزار تھی اور اس دوران 26 اموات بھی ہوئی تھیں۔

جس کے بعد اپریل میں متاثرہ افراد ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات بڑھ کر 385 ہوگئی تھیں تاہم مئی میں کیسز میں اچانک تیزی آئی تھی جس کے باعث سیکڑوں میں رپورٹ ہونے والے کیسز ہزاروں تک پہنچ گئے جبکہ یومیہ اموات درجنوں ہوگئی۔

اس اضافے کی وجوہات میں حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی، کاروباری مراکز کھولنے کے فیصلے کے بعد عوام کی جانب سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کی خلاف ورزی اور ملکی سطح پر ٹیسٹنگ کی صلاحیت میں اضافہ ہے۔

علاوہ ازیں رواں ماہ جون کے آغاز ہی سے ملک میں وبا کی صورتحال خطرناک ہورہی ہے اور صرف گزشتہ روز ملک میں ریکارڈ 5 ہزار 80 نئے کیسز اور 75 اموات کی تصدیق ہوئی تھی۔

سندھ
صوبہ سندھ میں آج کورونا وائرس کے مزید ایک ہزار 744 کیسز اور 16 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 364 سے بڑھ کر 38 ہزار 108 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ مزید 16 افراد کے انتقال کے بعد سندھ میں عالمی وبا سے اموات کی تعداد 650 ہوگئی۔

پنجاب
آج صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے ایک ہزار 782 کیسز اور مزید 24 اموات کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق ایک ہزار 782 مریضوں کی تصدیق کے بعد پنجاب میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 35 ہزار 308 سے بڑھ کر 37 ہزار 90 ہوگئی۔

اس کے ساتھ ہی 24 افراد کے انتقال کے بعد صوبے میں عالمی وبا سے اموات کی مجموعی تعداد 659 سے بڑھ کر 683 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج کورونا وائرس کے ریکارڈ 656 کیسز سامنے آئے جبکہ 4 اموات بھی واقع ہوئیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مزید 656 افراد کے عالمی وبا سے متاثر ہونے کے بعد مجموعی تعداد 4323 سے بڑھ کر 4979 ہوگئی۔

علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 4 افراد کے انتقال کے بعد وفاقی دارالحکومت میں اموات کی تعداد 45 سے بڑھ کر 49 تک جا پہنچی۔

گلگت بلتستان
ادھر گلگت بلتستان میں بھی کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آج مزید 30 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کے اعداد و شمار فراہم کرنے والی ویب سائٹ کے مطابق نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں اب تک اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 897 سے بڑھ کر 927 ہوگئی۔

آزاد کشمیر
دوسری جانب آزاد کشمیر میں بھی کورونا وائرس کے مزید 30 کیسز رپورٹ ہوئے۔

یوں تو آزاد کشمیر اس وقت ملک میں وبا سے سب سے کم متاثر ہوا ہے تاہم وہاں بھی اب یومیہ کیسز کی تعداد بڑھ رہی۔

مذکورہ 30 کیسز کے اضافے کے بعد آزاد کشمیر میں عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 331 سے بڑھ کر 361 ہوگئی۔

صحتیاب افراد
تاہم ایک طرف ملک میں عالمی وبا کے کیسز کی تعداد بڑھ رہی ہے تو دوسری طرف صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 884 افراد صحتیاب ہوئے۔

جس کے بعد مزید 884 افراد کے اضافے سے پاکستان میں اب تک عالمی وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد32 ہزار 581 سے بڑھ کر 33 ہزار 465 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 100687

اموات: 2018

صحتیاب: 33465

فعال کیسز: 65204

اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے جہاں کیسز کی تعداد 38 ہزار 108 ہے جبکہ اس کے بعد پنجاب میں یہ تعداد 37 ہزار 90 ہے۔

خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 13ہزار ایک افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 6 ہزار 221 ہے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد میں 4 ہزار 979 ، گلگت بلتستان میں 927 اور آزاد کشمیر میں361 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 683

سندھ: 650

خیبرپختونخوا: 561

بلوچستان: 54

اسلام آباد: 49

گلگت بلتستان: 13

آزاد کشمیر: 08

پاکستان میں کورونا وائرس
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 97 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات
ملک میں کورونا وائرس سے پہلی موت 18 مارچ کو خیبرپختونخوا میں ہوئی تھی جس کے بعد 31 مارچ تک اموات کی مجموعی تعداد 26 ہوگئی تھی۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات ریکارڈ کی گئیں، بعد ازاں مئی میں یہ تعداد 1400 سے تجاوز کرگئی تھی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment