انسدادِ دہشت گردی عدالت نےدہشت گردوں کی مالی مدد، جماعت الدعوة کے اہم رہنماؤں پر فردِ جرم عائد

لاہور میں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے جماعت الدعوۃ کے چار اہم رہنماؤں پر فردِ جرم عائد کی ہے۔ عبدالرحمان مکی، یحیٰی عزیز، عبدالاسلام اور ملک ظفر اقبال پر دہشت  گردوں کی مالی معاونت کا الزام ہے۔

ملزمان کے خلاف پنجاب کے محکمۂ انسداد دہشت گردی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے غیر قانونی فنڈنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام میں مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ جس پر انسدادِ دہشت گردی عدالت نمبر تین نے منگل کو مقدمہ نمبر 20/19 کی سماعت کرتے ہوئے چاروں ملزمان پر فردِ جرم عائد کی۔

سماعت کے دوران ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عبدالرؤف وٹو نے عدالت سے ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کی استدعا کی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرؤف وٹو نے بتایا کہ اِس کیس کی نوعیت جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید کے مقدمے سے ملتی جلتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عبد الرحمان مکی، یحیٰی عزیز، عبدالاسلام اور ملک ظفر اقبال کے خلاف مقدمہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کے دفتر میں درج کیا گیا تھا جسے بعد ازاں لاہور منتقل کر دیا گیا۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر نے بتایا کہ انہیں اُمید ہے کہ اِس کیس کا فیصلہ ایک ہفتے میں ہو جائے گا۔

مقدمے کی تفصیل بتاتے ہوئے عبدالرؤف وٹو نے کہا کہ "اوکاڑہ میں ایک جائیداد ہے جس کے ایک حصے میں مدرسہ اور مسجد بنائی گئی تھی۔ یہ مدرسہ کالعدم تنظیم لشکرِ طیبہ اور کالعدم تنظیم الانفال ٹرسٹ کے زیرِ انتظام تھا۔ یہ جائیداد ٹیرر فنانسنگ سے حاصل کی گئی ہے اور مدرسہ بھی ٹیرر فناسنگ سے بنایا گیا تھا جس سے دہشت گردی پھیلنے کا خدشہ تھا۔ اس لیے مقدمہ درج کیا گیا تھا۔”

واضح رہے کہ محکمۂ انسدادِ دہشت گردی نے جماعت الدعوۃ کے مذکورہ چاروں مرکزی رہنماؤں کو گزشتہ سال جولائی میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ سی ٹی ڈی نے کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید اور نائب امیر عبدالرحمان مکی سمیت 13 مختلف رہنماؤں کے خلاف انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت منی لانڈرنگ کے دو درجن سے زائد مقدمات درج کیے تھے۔

یکم اور دو جولائی 2019 کو جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی نے لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا سمیت دیگر شہروں کے مختلف تھانوں میں تقریباً 23 مقدمات درج کیے تھے۔

یکم اور دو جولائی 2019 کو جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی نے لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، ساہیوال اور سرگودھا سمیت دیگر شہروں کے مختلف تھانوں میں تقریباً 23 مقدمات درج کیے تھے۔

یاد رہے منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے قائم عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا اجلاس رواں سال جون میں شیڈول تھا جو کرونا وائرس کے باعث اکتوبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment