ملک میں کورونا کے وار بدستور جاری؛ ایک روز میں ریکارڈ 105 جاں بحق، مریض 1 لاکھ 10 ہزار ہوگئے

ویب ڈیسک : ملک بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور ایک ہی دن میں اس وائرس نے ریکارڈ 105 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیئے جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 861 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز 24 ہزار 620 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک میں کورونا کے مجموعی طور پر 7 لاکھ 30 ہزار 453 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 646 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 861 ہوگئی جب کہ 35 ہزار 18 مریض صحت یاب ہوگئے۔

ملک میں سب سے زیادہ کورونا کیسز پنجاب میں ہیں جہاں اب تک 40 ہزار 819 افراد میں کوویڈ 19 کی تصدیق ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ میں 41 ہزار 303، خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں 7 ہزار 31 ، گلگت بلتستان میں 974، آزاد کشمیر میں 444 اور اسلام آباد میں 5 ہزار 785 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں کورونا سے 105 افراد لقمہ اجل بنے جو کہ اب تک ایک روز میں ملک میں اس وائرس سے ہونے والا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔ اس طرح ملک میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 216 ہوگئی۔

ریکارڈ مریضوں کے ساتھ جانی نقصان میں بھی پنجاب کا پہلا نمبر ہے جہاں اب تک 773 افراد اس وائرس کی زد میں آکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں 679، خیبرپختونخوا میں 587 ، بلوچستان میں 58 اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 322 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment