عدالت نے سینتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد ۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو پر الزام تراشی کرنے والی امریکی خاتون بلاگر سینتھیا ڈی رچی کے خلاف ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ محترمہ بے نظیر لاکھوں لوگوں کی قائد اور سابق وزیراعظم تھیں، ان کے چاہنے والوں میں سے کوئی بھی متاثرہ فریق ہو سکتا ہے،،،

اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے امریکی خاتون سینتھیا ڈی رچی کیخلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا، عدالت نے پیپلز پارٹی کی شہید قائد اور سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو پر مبینہ الزام تراشی پر امریکی خاتون بلاگر کیخلاف ایف آئی اے کو تفتیش کر کے مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے سینتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا حکم دینے سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کی درخواست مسترد کردی۔ ایف آئی اے نے اعتراض کیا تھا کہ صرف متاثرہ فریق ہی درخواست دائر کر سکتا ہے لیکن عدالت نے تحریری فیصلے میں واضح کر دیا کہ بے نظیر بھٹو کے چاہنے والوں میں سے کوئی بھی متاثرہ فریق ہو سکتا ہے، عدالت نے فیصلے میں لکھا ہے کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے 12 سال سے زائد عرصہ بعد بدنام کرنے کے لئے الزامات لگانا بادی النظر میں بدنیتی پر مبنی ہے،

پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدرشکیل عباسی نے شہید بےنظیر بھٹو پر الزامات عائد کرنے پرامریکی خاتون کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی تھی۔ دوسری جانب سینتھیا رچی کے خلاف اندراج مقدمہ کی ایک اور درخواست اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں دائر کرائی گئی، عدالت نے شہری ندیم مغل کی درخواست پر اسلام آباد کی سیشن عدالت نے ایف آئی اے سے جواب طلب کر لیا، فاضل جج جہانگیر اعوان نے ریمارکس دیئے کہ دوسرے مقدمے میں ایف آئی اے کا جواب آجائے پھر دیکھ لیتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment