لداخ میں چینی فوج سے جھڑپ میں کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی ہلاک

ویب ڈیسک ۔ لداخ میں چینی فوج کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران کرنل سمیت 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق چین اور بھارت کے مابین وادی گیلوان میں گزشتہ رات ہونے والی جھڑپ میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 20 ہوگئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ہلاکتیں گولی لگنے سے نہیں ہوئی بلکہ پتھراؤ کے ذریعے لڑائی میں ہوئی ہیں۔

 

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت نے کرنل سمیت 3 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

 

بھارتی وزارت خارجہ نے تصادم میں 20 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ تصادم کے دوران شدید زخمی ہوئے تھے جن میں سے کچھ دم توڑ گئے ہیں۔

 

دوسری جانب بھارتی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ جھڑپ میں 43 چینی فوجی بھی ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں تاہم چین کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

 

چین نے فوجی تصادم کا ذمہ داربھارت کو قرار دیا ہےاور اس حوالے سے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز 2 بار سرحدی خلاف ورزی کی، چینی فوجی اہلکاروں پر حملہ کیا اور اشتعال انگیزی پھیلائی جس کے نتیجے میں چینی اور بھارتی افواج میں سنگین تصادم ہوا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے آرمی چیف نے اپنا پٹھان کوٹ کا دورہ ہنگامی بنیادوں پر ملتوی کر دیا ہے ، بھارتی آرمی چیف نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ سے ان کی رہائش گاہ پر تفصیلی ملاقات بھی کی ہے جس میں جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل بپن راوت بھی موجود تھے۔

 

 

 

 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment