9آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے جان بوجھ کرپیٹرول بحران پیدا کیا، رپورٹ وزیراعظم کو پیش

اسلام آباد ۔ پیٹرول بحران کی انکوائری رپورٹ وزیراعظم کو پیش کردی گئی، پٹرول بحران میں 9 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بحران کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 9آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے جان بوجھ کرپیٹرول بحران پیدا کیا، اسٹوریج میں پیٹرول موجود ہونے کے باوجود یکم جون سے پیٹرول کی سپلائی محدود کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انکوائری رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیٹرول کا بحران پیدا کرنے کے لیے 9 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے گٹھ جوڑ کیا، نجی کمپنیوں نے پیٹرول ذخیرہ کرنے کے لیے خلاف ضابطہ انفرا اسٹرکچر تعمیرکر رکھا ہے، انفرا اسٹرکچر پر حفاظتی معیار پرعمل نہ ہونے کے باعث کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ملوث افراد کو گرفتاراور ذخیرہ شدہ پٹرول مارکیٹ میں سپلائی کیاجائے ،وزیراعظم نے کہاکہ ملوث کمپنیوں کے لائسنس معطل اور منسوخ کر دیے جائیں ۔وزیراعظم نے کہاکہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 21 روز کا ذخیرہ یقینی بنانے کی ہدایت کی جائے۔

خیال رہے کہ ملک میں پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد یکم جون سے مختلف شہروں میں پیٹرول کی شدید قلت پیدا ہو گئی تھی، پیٹرول کی سپلائی نہ ہونے کے باعث متعدد پیٹرول پمپس بند جب کہ جو کھلے ہوئے تھے وہاں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئی تھیں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment