کراچی جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم انتقال کرگئے

کراچی: جامعہ بنوریہ کے مہتمم اور مشہور عالم دین مفتی محمد نعیم انتقال کر گئے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مفتی نعیم کے بیٹے مفتی نعمان کا کہنا تھا کہ عالم دین مفتی محمد نعیم چل بسے وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور ہسپتال لے جاتے ہوئے انتقال کر گئے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفتی نعیم کئی روز سے علیل تھے۔ مفتی نعیم کی میت جامعہ بنوریہ منتقل کر دی گئی ہے۔ ان کا نماز جنازہ اتوار کو نماز عصر کے بعد ادا کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق مفتی نعیم کا چند روز قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ واضح رہے کہ مفتی نعیم ملک کے ممتاز مذہبی اسکالرز میں شمار کیے جاتے تھے۔ وہ سائٹ ایریا میں واقع جامعہ بنوریہ کے مہتمم تھے۔ انہوں نے کئی اہم معاملات میں ریاست کے حق میں فتوے بھی جاری کیے تھے۔

انہوں نے حال ہی میں کرونا وائرس کے علاج کیلئے پلازمہ کی فروخت کو غیر قانونی غیر شرعی قرار دیتے ہوئے فتویٰ بھی جاری کیا تھا۔

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مفتی نعیم کی رحلت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک بڑے عالم دین سے محروم ہوگیا،ان کی پوری زندگی دینی علوم کی اشاعت اور ترویج میں گزری، دعاء ہے کہ اللہ پاک مفتی محمد نعیم کے درجات بلند فرمائے، ان کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Leave a Comment