علامہ طالب جوہری کی مذہبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا:چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی

اسلام آباد ۔ چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے معروف عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پرگہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مرحوم علامہ طالب جوہری نے بین العقائد ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کو فروغ دیا ہے۔ مرحوم کی مذہبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غم زدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور غم زدہ خاندان کو یہ صدمہ صبر اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے جید عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم مرحوم علامہ طالب جوہری کی وفات پر افسردہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم کی مذہبی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔

سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے ممتاز عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مذہبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔قائد ایوان سینیٹ نے کہا کہ مرحوم نے ہمیشہ امن اور باہمی احترام کی بات کی اوربین المسالک احترام، برداشت اور اخوت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔قائد ایوان سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ محمد ظفرالحق نے بھی علامہ طالب جوہری کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Comment