پی آئی اے نے طیارہ حادثہ کی عبوری تحقیقاتی رپورٹ تسلیم کرلی

کراچی: پی آئی اے نے کراچی طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ کو تسلیم کرلیا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ ابتدائی رپورٹ تسلیم کرتے ہیں اور اسے رہنمائی سمجھتے ہیں۔ اصلاحی اقدامات کا اضافی سلسلہ شروع کرچکے ہیں۔

 

ترجمان کا کہنا تھا کہ ملک میں تمام پائلٹوں کے لائسنسوں کا مکمل فرانزک آڈٹ کیا گیا ہے اور پی آئی اے نے مزید 15 پائلٹوں کو گراؤنڈ کردیا ہے۔ ان کے مطابق فوری طور پر فلائٹ ڈیٹا مانیٹرنگ یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکوک لائسنس کی تحقیقات کو قومی ائیر لائن نے خود اجاگر کیا ہے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پائلٹ کے لائسنسز کی مکمل فرانزک کے عمل کو تیز کرنے کی مسلسل پیروی کی گئی اور اعلیٰ ترین ایگزیکٹو آفس نے بھی اس عمل میں دلچسپی لی ہے۔ تحقیقات کے نتیجے میں 15 پائلٹس کو گراونڈ کیا گیا۔ پی آئی اے گراؤنڈ پائلٹوں کی تنخواہوں پر سالانہ 17کروڑ روپے خرچ کررہی ہے۔

 

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ ائیر لائن نےاضافی اخراجات برداشت کیے لیکن مسافروں کے تحفظ پر سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ سی اے اے سے دیگر مشکوک لائسنسز کی فہرست بھی جلد مانگی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری بورڈ کی سفارشات کے بعد غلطی پر پائے جانے والوں کو نوکریوں سے برخاست کر دیا جائے گا۔ اس عمل کے نتیجے میں ہماری کچھ پروازیں منسوخ ہوسکتی ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صرف وہ پائلٹ پرواز کریں گے جو اعلیٰ سروس ریکارڈ کے حامل ہوں گے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment