پب جی گیم معطلی کے خلاف درخواست پی ٹی اے کو بھجوا دی گئی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پب جی گیم معطلی کے خلاف درخواست پی ٹی اے کو بھجوا دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فروق نے پب جی گیم معطلی کے خلاف شہری عبد الحسیب ناصر کی درخواست پر سماعت کی۔

پب جی کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی اے نے پابندی لگانی ہے تو لکھیں فلاں قانون کی خلاف ورزی میں لگائی ہے۔ 

جسٹس عامر فاروق نے وکیل پی ٹی اے سے استفسار کرتے ہوئے کہا یہ کیا ہے گیم ہے یا ویب سائٹ؟ وکیل پی ٹی اے نے کہا یہ لنک ہے جس کو پی ٹی اے نے عارضی معطل کیا ہے، جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس میں کیا ایسا ہے جس کی وجہ سے آپ نے معطل کیا؟، جس پر وکیل پی ٹی اے نے بتایا کہ لاہور پولیس نے پب جی گیم کے خلاف ایک لیٹر لکھا جس میں خودکشیوں کا ذکر کیا گیا ہے، والدین کی جانب سے بھی ہمیں گیم بلاک کرنے کی درخواست دی گئی ہے۔

عدالت نے معاملہ پی ٹی اے کو بھجواتے ہوئے کہا کہ پی ٹی اے نے جو کچھ کرنا ہے قانون کے مطابق ہی کرنا ہے پابندی لگانی ہے تو لکھیں فلاں قانون کی خلاف ورزی میں لگائی ہے۔

 

عدالت نے پی ٹی اے کو قانون کو مدنظر رکھ کر درخواست پر تحریری فیصلہ کرنے کا کہتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment