زرتاج گل اور ملک امین اسلم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کا حکم

اسلام آباد ہائیکورٹ کا وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل اور مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا فیصلہ، سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین وائلڈ لائف بورڈ کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے عدالتی حکم کے باوجود چڑیا گھر سے ریچھوں کو منتقل نہ کیے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس کے استفسار پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ شیر اور شیرنی کو لاہور منتقل کیا جا رہا تھا، منتقل کرنے کے لئے پروفیشنلز کی سروسز لی گئی تھیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی، ایم سی آئی اور وائلڈ لائف بورڈ صرف سیاست کر رہے ہیں۔ تینوں محکمے اپنی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔۔ عدالت نے تعین کیا تھا کہ اگر کسی جانور کو کچھ ہوا تو کون ذمہ دار ہو گا۔ عدالت کو اس بات کا اندازہ تھا کہ جانوروں سے یہ ہونے جا رہا تھا۔۔ کہا کہ اس عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ ممبرز وائلڈ لائف بورڈ تمام جانوروں کو منتقل کرنے کے ذمہ دار ہونگے۔۔ وفاقی حکومت نے جانوروں کی منتقلی کے لئے بورڈ تشکیل دے کر نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا تھا

اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس نے کہا کہ وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی، معاون خصوصی، پارلیمانی سیکرٹری اور سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی بورڈ ممبران میں شامل تھے۔ عدالت نے ابزرو کیا کہ متعلقہ اداروں میں سے کوئی بھی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں تھا۔ استفسار کیا کہ کیا تمام ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی۔ ان تمام ذمہ داران نے عدالتی حکم کی بھی خلاف ورزی کی۔ کیوں نہ ان تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔یہ عدالت تمام ذمہ داران کے خلاف کارروائی کریگی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ آسان ہے کہ بیان دے کر کریڈٹ لے لیں ۔ جو ریاستی نمائندے جانوروں کا خیال نہیں رکھ سکتے وہ انسانوں کا کیا خیال رکھیں گے ۔ اس معاملے کی انکوائری کون کر رہا ہے۔ جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے نمائندہ انکوائری کر رہے ہیں ۔۔۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ کیا وہ اپنے خلاف انکوائری کرینگے، آپ نے اس عدالت کے فیصلے کا مذاق بنا دیا ہے، وفاقی حکومت خود کو ایکسپوز کر رہی ہے۔

عدالت نے وزیر مملکت موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل اور مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت موسمیاتی تبدیلی اور چیئرمین وائلڈ لائف بورڈ کو کل ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا

متعلقہ خبریں

Leave a Comment