کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کا ایل او سی کا دورہ

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر دفاع پرویز خٹک اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف کا عسکری حکام کے ہمراہ ایل او سی سیکٹر چری کوٹ کا دورہ،وزیر خارجہ کہتے ہیں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر دفاع پرویز خٹک اور مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے آج ایل او سی کے سیکٹر چری کوٹ کا دورہ کیا، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور عسکری حکام بھی وفاقی وزرا کے ہمراہ تھے ایل او سی کے سیکٹر چری کوٹ کے دورے کے دوران عسکری حکام کی طرف سے وزیر خارجہ کو بریفنگ دی گئی۔

وزیر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کی عظمت، ہمت اور جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پوری قوم اپنے ان جری سپوتوں کی جوانمردی اور بہادری پر فخر کرتی ہے، وزیر خارجہ اس کے بعد مظفر آباد جائیں گے جہاں وہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

روانگی سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود کا کہنا تھا کہ بھارت جو مرضی کر لے، کشمیریوں نے 5 اگست کے اقدام کو مسترد کر دیا ہے، پانچ اگست کے اقدام کوکوئی قبول نہیں کرے گا۔کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہد جاری رہے گی، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment