سپریم کورٹ:چیئرمین نیب نے افسران بھرتی کرنے کے اختیار کا نوٹس لے لیا

سپریم کورٹ میں جعلی نیب افسر بن کر فراڈ کرنے والے ملزم کی ضمانت کے کیس کی سماعت، عدالت نے چیئرمین نیب کے افسران بھرتی کرنے کے اختیار کا نوٹس لے لیا۔

نیب افسر بن کر فراڈ کرنے والےملزم محمد ندیم عباسی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کی۔عدالت نے ڈی جی نیب عرفان نعیم منگی کی تقرری اور اہلیت پر سوال اٹھا دیا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے محمد ندیم مڈل پاس ہے ملزم کے پاس بڑے بڑے افسران کے موبائل نمبرز کیسے آگئے، نیب پراسیکیوٹرنے کہا ایم ڈی پی ایس او سمیت 22 افراد کی مخلتف شکایات ملیں۔

جسٹس قاضی فائزعیسی کے استفسار پرڈی جی نیب عرفان منگی نےبتایا وہ انجنئیر ہیں اورانہیں چارلاکھ بیس ہزار تنخواہ ملتی ہے، فوجداری مقدمات کا کوئی تجربہ نہیں۔جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیے ایک انجینئر نیب کے اتنے بڑے عہدے پر کیسے بیٹھا ہوا ہے، عدالت نے درست معاونت نہ کرنے پر ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد نیازاللہ نیازی اور نیب پراسیکیوٹر عمران الحق کی سخت سرزنش کی۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیے چیئرمین نیب کس قانون کےتحت بھرتیاں کرتے ہیں، چیئرمین نیب اب جج نہیں انھیں ہم عدالت بلا سکتے ہیں، عرفان منگی کس کی سفارش پر نیب میں گھس آئے۔جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیےمارشل لا میں قانون کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں،ہمیں اللہ سے زیادہ ایک ڈکٹیٹر کا خوف ہوتا ہے،ملک کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیاہر بندہ کرسی پر بیٹھ کراپنا ایجنڈا چلا رہا ہے,ہم نیب کا میڈیا ٹرائل نہیں کر رہے،بہت مواقع دیے مگر نیب کےغیر قانونی کام جاری ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیب افسران کی نااہلی کیوجہ سے لوگ جیلوں میں سڑ رہے ہیں،لوگوں کو ڈرانے کیلئے نیب کا نام ہی کافی ہے،نیب پراسیکیوٹر نے کہا ہم اپنا کام قانون کے مطابق کرتے ہیں،قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیےلگتا ہے ہمیں نیب کیلئے قانون کی کلاسز لگانا پڑیں گی، 1999 سے اب تک کوئی رولز اینڈ ریگولیشنز بنائے ہی نہیں گئے۔

جسٹس مشیر عالم نےریمارکس دیےابھی تک عرفان منگی سمیت کسی گواہ کا ابتدائی بیان ہی نہیں لیا گیا۔عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا ،نیب کے تمام ڈی جیز کی تقرریوں سے متعلق تفصیلات طلب کر لیں.ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment