کراچی:جماعت اسلامی کی کشمیر ریلی میں بم حملہ، متعدد زخمی

کراچی میں گلشن اقبال میں جماعت اسلامی کی ریلی پر دستی بم حملہ، متعدد افراد کے زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں واقع مسجد بیت المکرم کے پاس جماعت اسلامی کی ریلی میں دستی بم کا حملہ ہوا ہے۔جس میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، جماعت اسلامی نے آج یوم استحصال کشمیر کے سلسلے میں ریلی منعقد کی تھی۔

پولیس نے ابتدائی معلومات میں بتایا ہے کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے ریلی میں مبینہ دستی بم پھینکے، موٹر سائیکل سوار تخریبی کاروائی کے فوراً بعد بھاگ گئے، فلحال دھماکے کی نوعیت کے بارے میں اندازہ لگانا مشکل ہے، تحقیقاتی ادارے دھماکے کی جگہ سے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں، تحقیقات کے بعد ہی بتایا جائے گا کہ دھماکے کی کیا نوعیت تھی۔

پولیس کے مطابق دہشتگردی کے اس واقعے میں 4 افراد زخمی ہیں، جن کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دستی بم حملے کے بعد ریلی میں بھگدڑ مچ گئی۔اس وقت جائے حادثہ پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق کشمیر کے حوالےسے ریلی رواں دواں تھی کہ زبردست دھماکا ہوا۔ ریلی ابھی جاری ہے، متعدد کارکنان زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان جماعت اسلامی نے کہا کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ریلی سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا خطاب جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment