مسز سرینا فائز عیسی نے دوسرے شو کاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی اہلیہ نے ایف بی آر کو دوسرے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرا دیا، سرینا فائزعیسیٰ ایف بی آر حکام کے سامنے تیسری بار پیش ہوئیں اور لندن میں جائیداد کے ذرائع آمدن سے متعلق ریکارڈ پیش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی اہلیہ نے ایف بی آر کو دوسرے شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرایا، جواب میں لندن میں خریدی جانے والی جائیداد کے ذرائع آمدن کی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔

مسز سرینا فائز عیسی ایف بی آر کے انٹر نیشنل ٹیکس آفس میں اپنا جواب جمع کرانے کے لیے خود پیش ہوئی ، ایف بی آر کے عملے نے ان کا استقبال کیا اور تحریری جواب کی کاپی وصول کی۔ ایف بی آر نے گریڈ 20 کے ان لینڈ ریوینیو کے افسر ذوالفقاراحمد کو کیس کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی ہوئی ہے۔

سرینا فائز عیسی ایف بی آر میں اپنا جواب جمع کرانے کے بعد واپس روانہ ہوگئیں، صحافیوں کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر کچھ نہیں بول سکتیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ‎کمشنر ان لینڈ ریونیو اور انٹرنیشنل ٹیکسز زون نے جسٹس فائز عیسیٰ کی اہلیہ کو گزشتہ ماہ نوٹس بھیجے تھے، ساتھ ہی بیٹی سحر عیسیٰ اور بیٹے ارسلان کو بھی شوکاز نوٹس بھیجے گئے تھے۔ نوٹسز کے بعد ‎سرینا عیسیٰ نے ایف بی آر کے کمشنر انٹرنیشنل زون کو اپنا دوسرا تفصیلی تحریری جواب دے دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Comment